سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی اور صفائی کی مانیٹرنگ خواتین اراکین پارلیمنٹ کے حوالے کردی

پیر 17 مارچ 2014 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی اور صفائی و ستھرائی کی مانیٹرنگ کے لئے خواتین اراکین پارلیمنٹ کی پانچ جائزہ کمیٹیاں قائم کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پہلی کمیٹی میں سیما محی الدین جمیلی، ردا خان اور مس ثمن سلطانہ جعفری پر مشتمل کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کی بلڈنگ کی صفائی، وائٹ واش، کارپیٹ، لائٹنگ، واش روم، کمیٹی روم،لاؤنچ، لائبریری، راہداریاں اور سیکیورٹی ایریا کی صفائی پر نظر رکھیں گی جبکہ دوسری دو رکنی کمیٹی جس میں مس آسیہ ناصر او زہرا ودود فاطمی ایم این اے پر مشتمل کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کے فرنیچر،کیبنٹ، کینٹین، کیفے ٹیریا، فوڈ کوالٹی کا خیال رکھیں گی۔

(جاری ہے)

تیسری کمیٹی میں مس فرحانہ قمر، آسیہ ناز تنولی اور شاہدہ رحمانی پر مشتمل کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کے فواروں ،پولٹری فرنٹ، پارلیمنٹ ہاؤس کے گارڈن پلانٹس، پودوں ، سائیڈ لان اور کمپاؤنڈ لان کی دیکھ بھال کریں گی۔ مس طاہرہ اورنگزیب اور شائشتہ پرویز پر مشتمل کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کے ہال کی انونٹری، پینٹنگ ، اپ لفٹنگ کو دیکھیں گی جبکہ آخری کمیٹی نفیسہ خٹک، رومانیہ خورشید عالم اور ساجدہ بیگم ایم این اے پر مشتمل یہ کمیٹی پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی، کیمروں اور گیٹ نمبر ایک تا گیٹ پانچ تک کا جائزہ لیں گی۔ کمیٹیاں ہفتہ وار بنیادوں پر انسپکشن پیش کریں گے اور پندرہ روز میں رپورٹ سپیکر آفس میں پیش کریں گی۔