پارلیمنٹ کی ججز تقرری کمیٹی کا اجلاس، لاہور ہائیکورٹ کے لئے 8نئے ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی منظوری ، 6ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توثیق کردی

پیر 17 مارچ 2014 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) پارلیمنٹ کی ججز تقرری کمیٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے لئے 8نئے ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی منظوری اور 6ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توثیق کردی ۔ججوں کی تقرری بارے پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی اراکین اور وزارت قانون کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی تمام سفارشات کی توثیق کردی ہے ۔ جبکہ 6ایڈیشنل ججز جسٹس شعیب سعید ، جسٹس شاہد جلال ، جسٹس شہزادہ مظہر ، جسٹس عالیہ نیلم ، جسٹس عبدالعزیز شیخ اور جسٹس عاطر محمود کی مدت ملازمت میں ایک سال توثیق کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کیلئے 8ایڈیشنل ججوں کی بھی منظوری دی گئی ہے جن میں شاہ خاور، شمس مرزا ، شہباز علی رضوی ، شاہد جمیل خان ، سکندر ذوالقرنین ، جمیز جوزف اور ظفراللہ خاکوانی شامل ہیں۔