چھ سال انتظار کر لیا، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو کروانے کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے‘ چودھری پرویزالٰہی ،پنجاب حکومت کی مجرمانہ غفلت سے ایک کروڑ سے زائد عوام شدید متاثر ہے، میرا منصوبہ ہونے کی وجہ سے اسے چلنے نہیں دیا جا رہا ،عزیز بھٹی ہسپتال میں چودھری ظہورالٰہی بلاک پہلے بھی خود بنا کر دیا اب تزئین و آرائش کیلئے فنڈز اپنی جیب سے دوں گا ‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 17 مارچ 2014 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال روک کر گوجرانوالہ ڈویژن کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کو سزا دی جارہی ہے، چھ سال سے ہسپتال کی بلڈنگ مکمل ہو چکی ہے لیکن بلڈنگ تباہ اور مشنری خراب ہو رہی ہے، پنجاب حکومت میرا منصوبہ ہونے کی وجہ سے چلنے نہیں دے رہی اور کارڈیالوجی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کیا جا رہا ہے حالانکہ یہاں دل کے ہسپتال کی اشد ضرورت ہے، بڑا انتظار کر لیا لیکن حکومت نے عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا اس لیے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔

وہ گجرات میں عزیز بھٹی ہسپتال میں چودھری ظہورالٰہی بلاک کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پہلے بھی چودھری ظہورالٰہی بلاک اپنی جیب سے بنا کر دیا اب بھی تزئین و آرائش کیلئے مطلوبہ فنڈز خود دوں گا کیونکہ پنجاب حکومت سے کسی قسم کی توقع رکھنا فضول ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگوں کے اتحاد کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اتحاد کیلئے کوششیں کیں انہیں بھی یہی جواب ملا ہے کہ جماعت کو ضم کیا جائے اس لیے اب اتحاد کیلئے کوئی کوشش نہیں ہو رہی۔

چودھری پرویزالٰہی نے نرسز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں سے ڈاکوؤں جیسا سلوک کیا گیا ہے قوم کی بیٹیوں پر پولیس سے تشدد کروایا گیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، جس کسی نے تشدد کے احکامات صادر کیے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اور نرسز کو فوری مستقل کیا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے قومی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ دو تین ماہ بعد بہت کچھ واضح ہو جائے گا۔ اس موقع پر میاں عمران مسعود، چودھری خالد اصغر گھرال، چودھری اشرف ریحانیہ و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :