چینی سرمایہ کاری سے شروع ہونے والے میگاپراجیکٹس سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا‘ شہباز شریف ، اقتصادی ترقی کیلئے چینی اداروں کی سرمایہ کاری حوصلہ افزاء ہے ،پاکستان اورچین کے مابین ہر سطح پر باہمی روابط کو فروغ دے رہے ہیں،ہر پاکستانی کوچین کی دوستی پر ناز ہے،چین کی طرف سے سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے دوطرفہ تعاون کی نئی مثال قائم کریں گے،لیوژوائی کی دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے خدمات لائق تحسین ہیں‘ چینی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کی تقریب سے خطاب،پاکستان اورچین کے مابین ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے معاشی استحکام کی جانب سفر جاری رہے گا‘ لیوژوائی

پیر 17 مارچ 2014 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین ہر سطح پر باہمی روابط کو فروغ دے رہے ہیں، پاکستان میں اقتصادی ترقی کے لیے چینی اداروں کی سرمایہ کاری حوصلہ افزاء ہے ، تعلیم, صحت, توانائی , ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں پاکستان اور چین میں وسیع تر تعاون کی گنجائش موجود ہے ، مشترکہ منصوبوں کے آغاز سے سماجی و معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے، پاکستان کے ہر شہری کو چین کی دوستی پر ناز ہے جو آزمائش کے ہر معیارپر ہمیشہ پوری اتری ہے ، پاکستان اور چین میں لازوال دوستی اور محبت کے رشتے مضبوط تر ہو رہے ہیں اور پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی تعمیر و ترقی میں چین کا تعاون ہمارے لیے قابل فخر ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سوموار کے روز عوامی جمہوریہ چین کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان میں چین کے سابق سفیر اور چین کے ایشیائی امور کے ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل لیو ژوائی کی سربراہی میں وفد کے اراکین نے ظہرانے میں شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر سان ویڈانگ, وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان , وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف, وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار, وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے شرو ع ہونے والے میگا پراجیکٹس سے پاکستان میں اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ․ معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور روزگار و کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ․ انہوں نے کہا کہ چین نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت عوام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ فراخدلانہ تعاون کیا ہے اور اب چین کی طرف سے سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے دو طرفہ تعاون کی نئی مثال قائم کریں گے۔

انہوں نے پاکستان میں چین کے سابق سفیر لیو ژوائی کی خدمات کو سراہا جو پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے میں محترک رہے ․ اور توقع ظاہر کی کہ ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ایشین افیئزز وزارت خارجہ امور چین کے طور پر وہ پاکستان اور چین کے درمیان سرکاری اور اعلی ترین سطح پر موثر روابط کے لئے فعال کردار ادا کریں گے ․ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پنجاب میں جاری عوامی فلاحی پروگراموں کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ غربت, جہالت اور بے روزگاری پر قابو پایا جا ئے اور معاشی خوشحالی سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔

ظہرانے کے موقع پر چین کے ایشیائی امور کے ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل لیو ژوائی نے اپنے اور وفدکے اراکین کی جانب سے خیر سگالی کے جذبے کے اظہار پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ․ اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کی اعلی قیادت جس طرح خلوص نیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت موثر اقدامات اٹھا رہی ہے اسی طرح پاکستان اور چین کے درمیان ہر شعبہ زندگی میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر کے معاشی استحکام کی جانب سفر جاری رکھا جائے گا۔