وزیراعظم نواز شریف کاقحط اور غذائی قلت کا شکار متاثرین کی مدد کیلئے نقد رقم بھجوانے کا اعلان ،انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 78ہزار افراد کو نقد امداد دی جائیگی‘ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس

پیر 17 مارچ 2014 19:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے صحرائے تھر میں قحط اور غذائی قلت کا شکار متاثرین کی مدد کے لئے نقد رقم بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق تھر میں انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ 78ہزار افراد کو نقد امداد دی جائے گی، نقد رقم کی فراہمی کا بنیادی مقصد ان افراد کو اس صورتحال میں بنیادی اشیائے ضروریہ خریدنے کے قابل بنانا ہے، ان افراد کو آئندہ 6ماہ تک انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم سے تین گنا زائد رقم دی جائے گی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ متاثرین کو انتہائی شفاف طریقے سے نقد رقم ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تھر بحران کی بنیادی وجوہات غربت، خوراک کی کمی اور بیماریاں ہیں۔ نقد مالی معاونت سے متاثرین کو کھانے پینے کی ضروری اشیا خریدنے میں مدد ملے گی۔