آنے والے بجٹ میں ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر کو شامل کرنے کا حکم دیا ہے،شوکت یوسفزئی،پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کے سروس سٹرکچر کے لئے سپیشل سیکرٹری صحت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی، وزیر صحت خیبرپختونخوا

پیر 17 مارچ 2014 19:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) خیبر پختو نخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں ڈاکٹروں کے سروس سٹرکچر کو شامل کرنے کا حکم دیا ہے اور اسی طرح پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کے سروس سٹرکچر کے لئے سپیشل سیکرٹری صحت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس میں دونوں تنظیموں سے تین تین اراکین کا انتخاب کیا جائیگا ۔

کمیٹی میں محکمہ خزانہ ، محکمہ عملہ اور محکمہ انتظامیہ کے نمائندے بھی شامل ہونگے ۔ پیرا میڈیکس اور نرسنگ سٹاف کو دو دن کے اندر کمیٹی کے لئے ناموں کو تجویز کرنے کی ہدایات دی گئی ہے ۔ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اولین ایجنڈا عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی مفت فراہمی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے موجودہ صوبائی حکومت دن رات کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی اوقات کے دوران ادویہ ساز کمپنیوں کے نمائندوں کی ڈاکٹروں سے ملاقات پر پابندی لگا دی گئی ہے کیونکہ میڈیکل ریپس کے دوروں کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ صوبے کا پہلا برن سنٹر اس سال مئی جبکہ ہیپاٹائٹس سنٹر اپریل تک کام شروع کر دے گا ۔علاوہ ازیں 19مارچ کو صوبے کا پہلا انسولین بینک کا افتتاح کیا جائیگاجس سے پورے صوبے میں زیابیطس کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوں گی۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو دی گئی خود مختاری پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز پرفراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :