چین سے 23ریلوے انجنوں کی پہلی کھیپ 24مارچ کو پاکستان پہنچ جائے گی،محمد آفتاب اکبر ،راولپنڈی تا لاہور ریل کار کے سفر کو دو گھنٹوں تک لانے کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے ، بُلٹ ٹرین کامنصوبہ حکومتی پلان میں شامل ہے،پہلے مرحلے میں ٹرینوں کی رفتار کو 120سے ڈیڑھ سوکلو میٹر فی گھنٹہ کیا جائے گا،سیکرٹری پاکستان ریلوے بورڈ

پیر 17 مارچ 2014 19:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) سیکرٹری پاکستان ریلوے بورڈمحمد آفتاب اکبر نے کہا ہے کہ چین سے 23ریلوے انجنوں کی پہلی کھیپ 24مارچ کو پاکستان پہنچ جائے گی اور پہلی ترجیح مسافر ٹرینوں کو دی جائے گی ،راولپنڈی تا لاہور ریل کار کے سفر کو دو گھنٹوں تک لانے کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے جبکہ بُلٹ ٹرین کامنصوبہ بھی موجودہ حکومتی پلان میں شامل ہے تاہم پہلے مرحلے میں ٹرینوں کی رفتار کو 120سے ڈیڑھ سوکلو میٹر فی گھنٹہ کیا جائے گا اور کوشش ہے کہ دستیاب بجٹ کے اندر رہتے ہوئے مسافروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے وفد جس کی قیادت چیمبر کے قائمقام صدر ملک شاہد سلیم کر رہے تھے سے ایک ملاقات میں کیا ،اس موقع پر سابق صدر منظر خورشید شیخ،اراکین مجلس عاملہ عاقل عبید ، زاہد لطیف خان اور بدر ہارون بھی موجو دتھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ریلوے بورڈ نے کہا کہ کراچی سے لاہور مال گاڑیوں کی آمد و رفت کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور اسکودوسرے شہروں تک مزید بڑھا یا جائے گا،راولپنڈی چیمبر کے ساتھ سماجی شعبوں میں جوائنٹ ونچر ہو سکتے ہیں اور چیمبر کے اراکین کو پاکستان ریلویز کی سیلون سروس حاصل کرنے پر خصوصی سروسز بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں کراچی سے لاہور 13مال گاڑیاں ایک دن میں چلتی تھیں اور پچھلی حکومت میں یہ سلسلہ مکمل طور پر بند ہو گیا ،نئی حکومت کی کاشوں سے 3مال گاڑیوں کو بحال کر دیا گیا ہے ،چونکہ حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے کوئلہ سے توانائی حاصل کرنے کے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ضمن میں پاکستان ریلوے کو کوئلہ کی ترسیل کی ذمہ داری سونپی جائے گی اس لئے پاک ریلویز نے ابھی سے اقدامات اٹھانے شروع کر دیے ہیں تا کہ کسی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیمبر کے قائمقام صدر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ پاکستان ریلوے تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور ایک وقت تھا جب ریل ہی سب سے سستا اور تیز ترین ذریعہ سفر تھا مگر حکومتی عدم توجہ اور بعض مافیا کی کارستانیوں کی وجہ سے ریلویز کو مشکلات دیکھنا پڑ رہی ہیں ، موجود حکومت کی طرف سے ریل بحالی کے نعروں نے ایک امید کی کرن پیدا کی ہے اور کاروباری برادری پُر یقین ہے کہ حکومت اس کٹھن کام میں سر خرو ہو گی،انہوں نے کہا کہ چیمبر راولپنڈی میں پاک ریلویز کے ساتھ مل کر سماجی کاموں میں حصہ لے سکتا ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،انہوں نے سیکرٹری ریلویز کو چیمبر کے اراکین کے لئے خصوصی سہولیات کی فراہمی پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور مجلس عاملہ کے ساتھ سفر کا عندیہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :