کراچی میں وفاقی حکومت کے فلیٹس خود کش جیکٹس اور بم بنانے کیلئے استعمال ہورہے ہیں ،اسٹیٹ آفیسر کراچی ،وفاقی ملازمین کیلئے مختص 7882میں سے 3350فیلٹس پر قبضہ ہوچکا ہے ،صرف 5فیصد مکانات حاضر سروس ملازمین کے زیر استعمال ہیں، امن ومان کی ابتر صورتحال نے کراچی میں سرکاری زمینوں پر قبضے کو آسان اور ملازمین کو مکان سے محروم کردیا ہے،سہیل سرور کی قائمہ کمیٹی برائے ہاوٴسنگ کو بریفنگ

پیر 17 مارچ 2014 18:42

کراچی میں وفاقی حکومت کے فلیٹس خود کش جیکٹس اور بم بنانے کیلئے استعمال ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) اسٹیٹ آفیسر کراچی سہیل سرور نے کہا ہے کہ کراچی میں وفاقی حکومت کے فلیٹس خود کش جیکٹس اور بم بنانے کیلئے استعمال ہورہے ہیں حساس ادارے بھی سرکاری مکانات کو دہشت گردی کے لئے استعمال کیے جانے سے آگاہ کرچکے ہیں۔یہ انکشاف انہوں نے کراچی میں سینٹر شاہی سید کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی ہاوسنگ اینڈ ورکس کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔

اسٹیٹ آفیسر نے بتایا کہ کراچی میں وفاقی ملازمین کیلئے مختص 7882میں سے 3350فیلٹس پر قبضہ ہوچکا ہے اور صرف 5فیصد مکانات حاضر سروس ملازمین کے زیر استعمال ہیں جبکہ گذشتہ 10سالوں سے سرکاری فلیٹس کی مرمت بھی نہیں ہوئی۔

پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی اور وزارت ہاوسنگ کے دیگر اداروں نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں وفاقی سرکار کی 60ایکڑ زمین لینڈ مافیا کے قبضے میں ہے سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کی رہائشی اسکیم کے لئے قبضے والی زمین الاٹ کردی ہے 2007میں وفاقی ملازمین کیلئے 500فلیٹس کا منصوبہ ابھی زیر تکمیل ہے اداروں کے درمیان رابطے کے فقدان اور امن ومان کی ابتر صورتحال نے کراچی میں سرکاری زمینوں پر قبضے کو آسان اور ملازمین کو مکان سے محروم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین وزارت ہاوسنگ کے کراچی میں رہائشی منصوبوں کی عدم تکمیل پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیورو کریسی حکومت کا ساتھ نہیں دے رہی ملازمین لاکھوں روپے جمع کرانے کے باوجود رہائش سے محروم ہیں۔

متعلقہ عنوان :