پاکستان فلم انڈسٹری کے شہنشاہ جذبات محمد علی کی 8ویں برسی منگل کو منائی جائیگی

پیر 17 مارچ 2014 12:49

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17مارچ 2014ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے شہنشاہ جذبات محمد علی کی 8ویں برسی کل ( بدھ )کو منائی جائے گی ۔اس دن کی مناسبت سے برسی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور بعد ازاں اجتماعی دعائیں کی جائیں گی ۔محمد علی 19اپریل 1931کورام پور میں پید اہوئے ، محمدعلی نے کیریئر کاآغاز ریڈیوپاکستان حیدرآباد سے کیااور بہترین صداکار ثابت ہوئے ۔

انہیں پہلی بار ہدایتکار فضل احمد کریم نے اپنی فلم چراغ جلتا رہامیں ولن کی حیثیت سے کاسٹ کیا۔ محمد علی نے پہلی ہی فلم میں اس قدر انتہائی عمدگی اورکامیابی سے اپناکردار نبھایاکہ ہیروا ن کے سامنے دب کررہ گئے ۔محمدعلی نے کیرئیر کے آغا ز میں دال میں کچھ کالا،بہادر اور دل نے مان لیا جیسی فلموں میں منفی کردار ادا کیے ۔

(جاری ہے)

ان کی بطور ہیرو پہلی فلم شرارت تھی ۔

فلم انڈسٹر ی سے وابستہ لو گ انہیں علی بھائی اوربھیاکہہ کرمخاطب کرتے تھے۔ہدایتکاراقبال شہزاد کی پہلی رنگین فلم بازی میں ان کے ساتھ ندیم اور نشو نے پہلی بار کام کیا تھا۔مرحوم کو 1964 میں پہلی بارفلم خاموش رہومیں بہترین معاون اداکار کا نگار ایوارڈ دیا گیا تاہم اگلے سال ہی انہوں نے فلم کنیز کے لیے بہترین اداکارکاایوارڈ حاصل کرلیاتھا۔

محمدعلی نے متعدد فلمیں پروڈیوس کیں مگر ہدایتکاری کے شعبے کی جانب کبھی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے لگ بھگ ساڑھے چارسو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔مرحوم کی یادگار فلموں میں وطن ،اک گناہ اور سہی ،سلاخیں،دامن اور چنگاری ،عبادت ،عورت کاپیا ر ،آئینہ اور صورت ،بے مثال ،آواز،نشیمن ،وعدے کی زنجیر ،لوری ،مادر وطن ،گھرانہ ،بھروسہ ،سماج ،مہربانی ،زنجیر ،میرے ہمسفر ،سفید خون ،ٹکرا،دل نے تجھے مان لیا ،قتل کے بعد ،باجی ،شہادت ،سفید خون ،بیس دن ،ہیڈ کانسٹیل ،چھوٹی بیگم ،تماشہ ،ناچے ناگن باجے بین ،صنم ،مجاہد ،مسٹر اللہ دتہ ،تصویر ،جاگ اٹھا انسان ،عادل ،باغی سردار ،جانباز ،آئینہ ،سجدہ ،محل ،یار دوست ،دل دیادردلیا،سونے کی چڑیا،تاج محل ،نیلاپربت ،زندگی کتنی حسین ہے ،بہورانی ،ناز ،آنچ ،نورین ،آگ کاسمند ر ،محبت زندگی ہے ،اچھے میاں ،ٹکڑے اورپالکی کے علاوہ دیگر شامل ہیں ۔

ان کی پنجابی زبان میں بننے والی فلموں میں وڈاخان ،شیر دی بچی اور ووہٹی شامل ہیں۔انہوں نے اپنی زندگی میں ہی علی زیب فاؤنڈیشن بھی بنائی جس کے تحت انسانیت کی خدمت کی۔انہوں نے اپنے دور کی معروف اداکارہ زیباسے شادی کی جو کامیاب رہی ۔وہ انتہائی شفیق انسا ن اور مہمان نوازتھے ، انہیں شاہ فیصل اور ذوالفقار علی بھٹوجیسی شخصیات کی میزبانی کاشرف حاصل تھا ۔

وہ وزیراعظم میاں نوازشریف کے وزارت عظمی کے دور میں ان کے مشیر برائے ثقافت کے عہدے پر بھی تعینات رہے ۔محمد علی نے اپنے دور کی تمام ہیروئنو ں کے ساتھ کام کیاجن میں میناشوری ،بہار،صبیحہ خانم ،نیئر سلطانہ،شمیم آرا،شبنم ،رانی ،زبیا ،دیبا،آسیہ ،ممتاز ،بابرہ شریف،نشو اور دیگر شامل ہیں۔وہ 19مارچ2006ء میں74سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :