خیبر پختونخواہ کی حکومت اور عوام تھر کے لوگوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، مشکل کی گھڑی میں تنہاء نہیں چھوڑینگے ، سراج الحق،صوبائی حکومت کی جانب سے دس کروڑ کی امداد 74ٹرکوں میں تھر پہنچ چکی ہے ،11 ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی خدمت کیلئے موجود ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 16 مارچ 2014 20:02

مٹھی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) سینئر وزیر سراج االحق اور یاسین خلیل کی قیادت میں خیبر پختون خواہ کابینہ کا وفد تھر پہنچا،وفد نے ڈسٹرکٹ ہسپتال مٹھی میں مریضوں کی عیادت ،الخدمت کچن،الخدمت ہسپتال کا دورہ،وٹنری ڈاکٹروں اور سندھ حکومت کے ریلیف نگران تاج حیدر سے ملاقات کی۔ سینئر وزیر سراج الحق نے میڈیا اور متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت اور عوام تھر کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں،مشکل کی اس گھڑی میں انہیں ہرگز تنہاء نہیں چھوڑیں گے ہرممکن مدد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے دس کروڑ کی امداد 74ٹرکوں میں تھر پہنچ چکی ہے جو سندھ حکومت کے حوالے کردی ہے۔اس کے علاوہ 11 ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی خدمت کیلئے موجود ہے،بچوں کے امراض کی ماہر ٹیم میں خواتین ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تاج حیدر کی درخواست پرچار موبائل ہسپتال بھی روانہ کررہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ ہمیں شرمندگی ہے کہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی ہم پاکستان کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ملک میں حادثات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کر سکے ہیں اور ہمیشہ آفت پڑنے پر ہی اقدامات کرتے ہیں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کچھہ نہیں ،اس لیئے وفاق سمیت چاروں حکومتوں کو اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے غور اور آئندہ کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ میں کھانا بھی تقسیم کیا ۔

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ریلیف یاسین خلیل نے کہا کہ ہم مٹھی کے عوام کوصحت کی ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں ، سندھ حکومت ہمیں بتائے ہم ہر طرح کا تعاون کریں گے ۔مصیبت کی گھڑی میں ہم تھر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ہمارا دورہ اس بات کی گواہی ہے کہ ہم آپ دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔خیبر حکومت کے افسران نے امدادی سامان کی رپورٹ جبکہ تاج حیدر نے کے پی کے حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آپکے تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔

الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے تھر کے اندر جاری کام ،ریلف آپریشن کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت گذشتہ 20سالوں سے تھر کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔حکومت بھی اگر الخدمت کو ذمہ داری دے گی تو وہ اسکو بھی بحسن خوبی سرانجام دے گی۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکر تبسم جعفری ، جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر محمد حسین محنتی ،الخدمت کراچی کے صدر انجنئر عبدالعزیزموجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :