تھر متاثرین کے لئے پنجاب سے 5 کروڑ روپے کا امدادی سامان لے کر 60 ٹرک سندھ پہنچ گئے،امدادی سامان میں 20 ہزار فوڈ ہیمپرز، ڈیڑھ لیٹر کی40 ہزار منرل واٹر بوتلیں اور 75 ہزار کلو گرام چاول کے پیکٹ شامل ، یہ وقت سیاست نہیں بلکہ انسانیت کے بچانے کا ہے اور پنجاب سے ملنے والی امداد کو ہر متاثرہ شخص تک بلا امتیاز پہنچائی جائے گی، پہلے مرحلے میں 600 متاثرہ خاندانوں کو فوڈ ہیمپرز اور 2 ہزار واٹر بوتلیں تقسیم کی گئیں ‘ سابق ایم پی اے ارباب ذوالفقار کا خطاب

اتوار 16 مارچ 2014 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) حکومت پنجاب کی طرف سے تھر کے متاثرین کے لیے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امدادی سامان کے 60 ٹرک سندھ پہنچ گئے ہیں جس میں20 ہزار فوڈ ہیمپرز، نیسلے کمپنی کی ڈیڑھ لیٹر کی40 ہزار منرل واٹر بوتلیں اور 75 ہزار کلو گرام چاول کے پیکٹ موجود ہیں جو تمام متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار تقسیم کیا جائے گا، متاثرین کی مکمل بحالی تک سندھ میں پنجاب حکومت کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا محکمہ موجود رہے گا ، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ انسانیت کے بچانے کا ہے اور پنجاب سے ملنے والی امداد کو ہر متاثرہ شخص تک بلا امتیاز پہنچائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار سابق ایم پی اے ارباب ذوالفقار نے مٹھی کی تحصیل اسلام کوٹ کے گاؤں کھاکھری ہار کے مقام پر متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارباب فواد کے علاوہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف ، ڈائریکٹر ظہیر عباس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تمام متاثرہ افراد کی بحالی تک امدادی سامان کی فراہمی کے جس عزم کا اظہار کیا ہے اُسے سندھ کے عوام قد ر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب حکومت نے 600 متاثرہ خاندانوں کو فوڈ ہیمپرز فراہم کرنے کے ساتھ نیسلے ڈیڑھ لیٹر کی دو ہزار واٹر بوتل بھی فراہم کی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ ہیمپر میں 5 افراد پر مشتمل فی گھرانے کے لیے ایک ہفتہ کا راشن موجود ہے اور فراہم کیے جانے والے ہر فوڈ ہیمپر میں 10 کلوآٹے کا تھیلا، چینی 2 کلو، دال چنا 2 کلو، دال مسور2 کلو، گھی 2 کلو، آئیوڈین نمک 800 گرام پیکٹ، 200 گرام چائے کا پیکٹ، مرچ پاؤ اور ایک ماچس کا ڈبہ شامل ہے۔ مزید براں متاثرین کی خوراک و دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے مٹھی میں خصوصی کیمپ قائم کرنے کے ساتھ پنجاب سے پہنچنے والے امدادی سامان کو رکھنے کے لیے وئیر ہاؤس بھی بنالیا ہے جہاں سے متاثرین کی غذائی ضروریات کو کم سے کم وقت میں پورا کیا جائے گا۔

محمد آصف نے کہا کہ پنجاب سے آنے والے امدادی سامان کو تقسیم کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے کی ٹیم کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف اور دور دراز علاقوں کے متاثرین تک امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر اشیاء خوردونوش کے لیے حیدرآباد سے فوڈ ہیمپرز بھیجوانے کا عمل بھی شروع کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :