وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر مٹھی میں پی ڈی ایم اے کا وئیر ہاؤس قائم کر دیا گیا‘ریلیف کمشنر پنجاب،مقامی سطح پر فوڈ ہیمپرز خرید کر متاثرین میں ہنگامی بنیادوں پر تقسیم کئے جارہے ہیں،حکومت پنجاب نے لاہور سے 60 ٹرکوں کے ذریعے 5 کروڑ روپے مالیت کی 566 ٹن خوراک اور پانی روانہ کیا ہے

اتوار 16 مارچ 2014 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تھر متاثرین کو امدادی سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنے کے لئے مٹھی میں ” وئیر ہائس“ قائم کر دیا گیا ہے جہاں پنجاب سے خوراک پانی اور دیگر اشیا کا ذخیرہ کیا جارہا ہے جبکہ حید ر آباد اور دیگر مقامی جگہوں سے اشیاء خوردونوش وضروریہ بھی خرید ی جارہی ہیں اور اسے وئیر ہاؤس لا کر متاثرین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

اس امر کا اظہار ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے آج تھر متاثرین کوپنجاب حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد آصف،ڈائریکٹر ظہیر عباس،ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر حیدر شمسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف نے کہا کہ متاثرین کے لئے مقامی سطح سے اشیاء خوردونوش کے مزید 20 ہزار فوڈ ہیمپرز بھی متاثرین میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں اوراب تک لاہور سے 60 ٹرکوں کے ذریعے 5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی566 ٹن اشیاء خوردونوش اور پانی کی بوتلیں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فی ہیمپرز خوراک کا کل وزن 21.500 کلوگرام ہے جو کہ ایک ہفتہ کا راشن خاندان کے 15 افراد کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تھر متاثرین کی امدادی سرگرمیاں ان کی بحالی تک جاری رکھے گی۔