پاکستان بھارت کی حکومتیں ہجرت کرجانیوالوں کو آبائی شہروں میں آنے جانے میں آسانی دینے کیلئے قوانین وضع کریں‘ اوم پوری،امریکہ کی فلم انڈسٹریز کیساتھ کام کرچکا ہوں ،اب پاکستانی فلم میں کام کرنے کی خواہش ہے ‘ بھارتی اداکار کی پریس کلب میں گفتگو

اتوار 16 مارچ 2014 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2014ء) بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجینڈورسٹائل اداکار اوم پوری نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کو دونوں ممالک سے ہجرت کرجانے والے لاکھوں افراد کو اپنے آبائی شہروں میں آنے جانے میں آسانی دینی چاہیے اور ایسے قوانین وضع کرنے چاہئیں جس سے بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے دونوں ملکوں کے شہری ایک دوسرے ملک میں آ جا سکیں،اگر انھیں دنیا کے کسی بھی ملک میں بار بار سفر کرنے کا کہاجائے تو وہ پاکستان کے شہر لاہور میں باربار آنا پسند کریں گے۔

وہ اتوا ر کے روز لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری محمدشہباز میاں،قمرالزمان بھٹی،محبوب احمد چوہدری اور بلال غوری نے معزز مہمان کو پریس کلب میں خو ش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

اوم پوری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ دنیا کے کئی ممالک کے سفر کرچکے ہیں جہاں کسی نہ کسی حوالے سے ان کا واسطہ پاکستانیوں سے پڑتارہا ہے اور میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے ہر جگہ پاکستانی قوم نے عزت بخشی ہے میں اس کے لئے ہمیشہ ان کا مشکور رہوں گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلے بھی آئے ہیں لیکن جو محبت ،خلوص اور ذہانت انہوں نے لاہور میں دیکھی ہے وہ صرف انہی کا خاصہ ہے،اکثر باہر کے ممالک کے لوگ لاہورکو ان کے کھانوں کے باعث یادرکھتے ہیں لیکن میں سمجھتاہوں کہ یہاں کی اصل خوشبواور رنگ لاہوریوں کی محبت ہے جس کی وجہ سے ہرکوئی لاہورکادیوانہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر انھیں دنیا کے کسی بھی ملک میں بار بار سفر کرنے کا کہاجائے تو وہ پاکستان کے شہر لاہور میں باربار آنا پسند کریں گے۔

ان کا کہناتھاکہ وہ برطانیہ اور امریکہ کی فلم انڈسٹریز کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں اب ان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستانی فلم میں بھی کام کریں۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک ایسی شخصیت ہمارے درمیان موجودہیں جو ناصرف انسان دوست ہیں بلکہ امن کے دائی بھی ہیں،انھوں نے ہر پلیٹ فارم سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و بھائی چارے کو فروغ دیاہے۔ صدر ارشدانصاری نے اداکار اوم پوری کو ان کی خدمات پرلاہور پریس کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دینے کا اعلان کیا۔ تقریب کے آخر میں گورننگ باڈی کی جانب سے معزز مہمان کو شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے اور پاکستان کے مشہور گٹارسٹ سجاد طافو نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ عنوان :