کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی،دھماکہ بلوچستان میں جاری ملٹری آپریشن کے رد عمل میں کیا گیا‘ ترجمان مرید بلوچ،جمعہ کے روز کوئٹہ اور پشاور دھماکوں کی ذمہ داری احرار الہند نے قبول کی تھی

ہفتہ 15 مارچ 2014 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے کوئٹہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی،کالعدم تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ بلوچستان میں جاری ملٹری آپریشن کے رد عمل میں کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے ترجمان مرید بلوچ نے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے فون کر کے کہا کہ جمعہ کے روز سائنس کالج چوک پرسائیکل بم دھماکا ہم نے کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا دعوی تھا کہ دھماکے میں متعدد سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے۔یو بی اے کے مطابق یہ دھماکہ بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ بگٹی، آواران اور مشکے میں جاری آپریشن کا ردعمل ہے۔مرید بلوچ نے کہا کہ ہماری جو بھی کارروائیاں ہوتی ہیں انہیں ہم قبول کرتے ہیں جبکہ دیگر تنظیمیں بھی ہماری کارروائیاں قبول کرتی ہیں جو کہ غلط ہے۔واضح رہے کہ کوئٹہ اور پشاور دھماکوں کی ذمہ داری احرار الہند نے قبول کی تھی۔