پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا کسی بھی جرائم پیشہ افراد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے،صوبائی وزیر اطلاعات ،رینجرز اور پولیس کو مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی علاقے میں جب چاہے ایکشن کرسکتی ہے،شرجیل انعام میمن

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا کسی بھی جرائم پیشہ افراد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔رینجرز اور پولیس کو مکمل طور پر فری ہینڈ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی علاقے میں جب چاہے ایکشن کرسکتی ہے۔ کراچی آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے اور ان کا کسی بھی جرائم پیشہ عناصر یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نہ چاہتی تو کراچی آپریشن ہی نہ ہوتا لیکن ہم نے کراچی کو جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج کراچی آپریشن مکمل طور پر پولیس اور رینجرز کو اختیارات دے کر جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج تک اس آپریشن میں جتنے بھی اخراجات ہوئے وہ بھی صرف سندھ حکومت ہی برداشت کررہی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آج تک آپریشن کے دوران جو بھی جرائم پیشہ افراد گرفتار ہوئے ہیں انہیں چھڑانے کے لئے پیپلز پارٹی یا حکومت کی سطح پر قانون نافذ کرنے والوں پر نہ کوئی دباؤ ڈالا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو چھڑایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن میں پولیس اور رینجرز مکمل اختیارات کے ساتھ کام کررہی ہے اور انہیں کسی قسم کے دباؤ کا کوئی سامنا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اس آپریشن کو ثبوتاژ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں اور اسے متنازعہ بنانے کو کوشش کی جارہی ہے لیکن سندھ حکومت کسی بھی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اس شہر اور صوبے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرکے ہی دم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن آخری جرائم پیشہ افراد کی موجودگی تک جاری رہے گا اور اس سلسلے میں گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھی اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت کسی قسم کا کوئی دباؤ قبول نہیں کرے گی اور پولیس اور رینجرز کو مکمل اختیارات کے ساتھ اس آپریشن کو جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پولیس اور رینجرز جب چاہیں اور جس علاقے میں چاہے ایکشن کرسکتی ہے۔