طالبان مذاکراتی کمیٹی کی چوہدری نثار سے ملاقات ،حکومتی کمیٹی کے رکن حبیب اللہ خٹک کا بھی سمیع الحق سے ٹیلیفونک رابطہ ،حکومت خلوص نیت سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کیلئے کوششیں کررہی ہے، ہرممکن تعاون فراہم کرینگے‘وزیر داخلہ،حکومت اور طالبان میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کا جذبہ موجود ہے ،امن کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا‘ مولانا سمیع الحق

ہفتہ 15 مارچ 2014 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی سربراہی میں اراکین نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور انہیں طالبان قیادت سے ہونیوالی ملاقات سے آگاہ کیا ۔ملاقات میں مذاکرات کے عمل کو کامیابی سے ہمکنا رکرنے کیلئے دیگر امو رپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت خلوص نیت سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لئے کوششیں کررہی ہے۔

وزیر داخلہ نے مذاکرات کے لئے طالبان کمیٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کمیٹی کو ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت خلوص نیت سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لئے کوششیں کررہی ہے، مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دونوں طرف یہ جذبہ موجود ہے کہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا چاہئے اور جب دونوں طرف یہ جذبہ ہے تو پرامید ہوں دوطرفہ رابطوں سے امن کاکوئی نہ کوئی راستہ نکل آئیگا۔

علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کے رکن حبیب اللہ خٹک نے طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا،دونوں کمیٹیوں کے ارکان نے امن کیلئے بات چیت کا عمل جاری رکھنے اورجلد ملاقات کرنے پراتفاق کیا۔دونوں کمیٹیوں کی ملاقات میں طالبان شوری سے باضابطہ مذاکرات کا وقت اور جگہ کا تعین کیا جا سکتا ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان نے سرکاری عمارات میں مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔