ملکی بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں ،طالبان کیساتھ مذاکرات یا معیشت کی بحالی کا مسئلہ حل نہ ہوا ملک کو شدید نقصان پہنچے گا‘ خواجہ آصف،عدلیہ کی بحالی کیلئے اگر وزیر اعظم نواز شریف باہر نہ نکلتے تو کبھی بحال نہ ہوتی‘وفاقی وزیر دفاع کا بار میں وکلاء سے خطاب

ہفتہ 15 مارچ 2014 19:56

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم ملکی بقا ء کی جنگ لڑ رہے ہیں ،طالبان کے ساتھ مذاکرات یا معیشت کی بحالی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ملک کو شدید نقصان پہنچے گا،اگر نواز شریف باہر نہ نکلتے تو عدلیہ بحال نہ ہوتی ، تین نومبر 2007کو عدالت کو برطرف کیاگیا،مارشل لا لگایا گیا،وہ ہماری تاریخ کاسیاہ ترین دن تھا، وہ شخص جو تکبر کی علامت بناہوا تھا اب ہسپتال میں پڑا ہے۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معیشت بحران کا شکار ہے، اگر معیشت بحال ہوگئی تو امان و امان قائم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وردی میں بڑھکیں مارنے والا شخص آج مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے ہسپتال میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ عدلیہ کی بحالی کے لئے اگر وزیر اعظم نواز شریف باہر نہ نکلتے تو کبھی بحال نہ ہوتی، جس وقت نواز شریف سڑکوں پر تھے اس وقت تمام بڑے بڑے لیڈر چھپ کرکے بیٹھے ہوئے تھے۔ اس موقع پر خواجہ آصف نے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے سیالکوٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے 50 لاکھ روپے فنڈ کا بھی اعلان کیا۔