بابا لاڈلہ اور عزیر بلوچ گروپوں نے سیز فائر کا اعلان کر دیا

ہفتہ 15 مارچ 2014 17:01

بابا لاڈلہ اور عزیر بلوچ گروپوں نے سیز فائر کا اعلان کر دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے بے شمار بے گناہوں کا خون بہانے والے لیاری کے گینگسٹرز بابا لاڈلہ اور عزیر بلوچ گروپوں میں صلح کرا دی۔ شہر قائد کی لاوارث بستی لیاری کو 12 مارچ کی صبح خونخوار گینگسٹرز نے خون میں نہلا دیا۔ جھٹ پٹ مارکٹ میں بابا لاڈلہ اور عزیر جان بلوچ کے گینگسٹرز کے درمیان جنگ میں 10 خواتین اور چار بچوں سمیت 17 بے گناہ افراد مارے گئے۔

لیاری پر ان گینگسٹرز کا راج ہے اور کئی سیاست دان بھی ان کے سرپرست ہیں جب گینگسٹرز کے دونوں گروپوں میں تصادم بڑھ گیا تو سیاست دان بھی میدان میں آ گئے۔ حیدر آباد میں قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف کے گھر گینگسٹرز کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی، عزیر جان بلوچ گروپ کی نمائندگی پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی ثانیہ ناز بلوچ نے کی جبکہ بابا لاڈلہ گروپ کے نمائندے مجید سربازی اور بابا امید علی تھے۔

(جاری ہے)

پانچ گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد لیاری کے گینگسٹرز نے سیز فائر کا اعلان کر دیا۔ ایاز لطیف پلیجو نے بتایا کہ دونوں گروپوں کے درمیان لڑائی ختم ہو گئی ہے۔ عزیر جان بلوچ اور بابا لاڈلا نے صلح کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ ایاز لطیف کی سربراہی میں لیاری امن اتحاد کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور کسی بھی شکایات کا فیصلہ یہ کمیٹی کرے گی۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے نقل مکانی کرنیوالے افراد سے لیاری واپس آنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واپس آنے والوں کو تحفظ دیا جائیگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت لیاری میں جاں بحق ہونیوالے افراد کے ورثا کو بیس بیس لاکھ روپے امداد دے۔