فیفا ورلڈکپ 12 جون سے شروع ہوگا

ہفتہ 15 مارچ 2014 16:39

فیفا ورلڈکپ 12 جون سے شروع ہوگا

برازیل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء) فیفا ورلڈکپ بارہ جون سے شروع ہوگا ،جس کے آغاز میں اب تین ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے دوسری جانب برازیل کے شہر ساوٴ پاوٴلو میں فٹبال ورلڈکپ کے انعقاد کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی کپ کے لئے مختص کثیر رقم تعلیم اور دیگر عوامی شعبوں پر خرچ کی جائے۔

برازیل فٹبال ورلڈ کپ 2014ء اور اولمپک 2016ء کا میزبان ہے۔ ملک میں اسپورٹنگ ایونٹ کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ سال کنفیڈریشن کپ کے موقع پر پرتشدد مظاہرے بھی ہوئے۔ ساوٴپاوٴلو میں عالمی کپ کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ ڈیڑھ ہزار سے زائد مظاہرین نے شاہراہوں پر پرامن مارچ کے ذریعے اسپورٹنگ ایونٹس کیخلاف اپنی ناراضی کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے دوہزار سے زائد پولیس اہلکار موجود تھے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ عالمی کپ اور اولمپکس کیلئے مختص کثیر رقم ملک میں تعلیم،صحت، ٹرانسپورٹ اور جرائم پر کنٹرول پر خرچ کی جائے۔ مختلف لوگوں نے مطالبات سے متعلق بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔جن میں ہمیں ورلڈکپ کی ضرورت نہیں، برازیل عالمی کپ کی میزبانی نہ کرے جیسے بینرز شامل تھے۔

احتجاج مکمل طور پر پرامن رہا اور مظاہرین مارچ کے دوران مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ فیفا ورلڈکپ بارہ جون سے شروع ہوگا۔جس کے آغاز میں اب تین ماہ سے کم وقت باقی ہے۔ حکومت اور فیفا حکام اس قسم کے مظاہرہ پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس نوعیت کے مظاہرے ورلڈ کپ کے دوران بھی جاری رہیں گے۔ لیکن ان سے ٹورنامنٹ متاثر نہیں ہونا چاہئے۔