لاہور: نرسوں کا چھٹے روز بھی دھرنا جاری، پنجاب اور بلوچستان میں ہڑتال

ہفتہ 15 مارچ 2014 12:13

لاہور: نرسوں کا چھٹے روز بھی دھرنا جاری، پنجاب اور بلوچستان میں ہڑتال

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مارچ 2014ء)لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر نرسوں کا چھٹے روز بھی دھرنا جاری ہے۔ پولیس گردی کے خلاف ملک بھر کی نرسیں سراپا احتجاج بن گئیں۔ پنجاب اور بلوچستان میں آج ہڑتال ہو گی۔ لاہور میں نرسوں کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو گیا ہے اور نرسیں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دھرنا دیئے بیٹھی ہیں۔

پولیس نے بیرئیر لگا کر سڑک کو دونوں اطراف سے بند کر دیا ہے۔ نرسوں نے پولیس تشدد اور مطالبات منظور نہ کئے جانے پر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ نرسوں کا کہنا ہے کہ ایڈہاک نرسوں کو مستقل کیا جائے۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب نے نرسوں کے جائز مسائل کے حل کیلئے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی جو تین روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

رات گئے مشیر صحت سلمان رفیق، کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال نے دھرنے پر بیٹھی نرسوں سے بات چیت کی۔ نرسوں نے حکام سے کسی سرکاری دفتر کی بجائے احتجاجی کیمپ میں مذاکرات کرنے پر اصرار کیا۔ انہوں نے حکام سے لاٹھی چارج کا شکوہ بھی کیا۔ گذشتہ روز پولیس نے دھرنا دینے والی نرسوں پر شدید لاٹھی چارج کیا تھا جس کے باعث متعدد نرسیں زخمی ہو گئیں جس کے بعد نرسوں نے مال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا تھا۔ واقعہ کے بعد لاہور سمیت پینجاب کے سرکاری اسپتالوں میں بھی کام بند کر دیا گیا تھا۔