ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی کیمپ اور مظاہروں کی قیادت کرنیوالے آج خاموش کیو ں ہیں ؟‘ راجہ پرویز اشرف،پیپلز پارٹی تنقید برائے تنقید پر یقین نہیں رکھتی ،سنجیدہ اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں ، حقوق کیلئے آواز بلند کرینگے ،سابق وزیر اعظم

جمعہ 14 مارچ 2014 21:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی کیمپ اور پرتشدد مظاہروں کی قیادت کرنیوالے آج خاموش کیو ں ہیں ؟پیپلز پارٹی تنقید برائے تنقید پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم سنجیدہ اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے دعوے کئے تھے کہ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے لیکن حکومت کو وجود میں آئے آٹھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سر کلر ڈیٹ کی مد میں اربوں کی ادائیگیاں کرنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں کمی کے بجائے یہ صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں صوبے کے چیف ایگزیکٹو نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ لگائے اور پر اراکین اسمبلی نے پر تشدد مظاہروں کی قیادت کی لیکن آج یہ تمام لوگ خاموش کیوں ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جسکا ثبوت عوام کا ہمارے دور حکومت کو یاد کرنا ہے ،پیپلز پارٹی کروڑوں دلوں میں بستی ہے عوام کے حقوق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرینگے۔