وزیراعلیٰ پنجاب سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی کی قیادت میں ایگزیکٹو کمیٹی کے وفدکی ملاقات ،موجودہ حکومت کا 9ماہ کے دوران ایک بھی سکینڈ ل سامنے نہیں آیا، جو بڑی تبدیلی اور کریڈٹ کی بات ہے‘ محمد شہبازشریف، نرسوں پر پولیس کے لاٹھی چارج کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا ہے ، ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں،وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے ا نتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کے ذریعے سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش کی ہے، دعا ہے کہ مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے،موجودہ دور تبدیلی کا ہے،ہمیں ہر صورت تبدیلی لانا ہوگی،9ماہ کے دوران حالات بتدریج بہتری کی طرف جا رہے ہیں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کی گفتگو

جمعہ 14 مارچ 2014 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے 9ماہ کے دوران حالات بتدریج بہتری کی طرف جا رہے ہیں، موجودہ حکومت کا 9ماہ کے دوران ایک بھی مالی سکینڈ ل سامنے نہیں آیا جو کہ ماضی قریب کے مقابلے میں ایک بہت بڑی تبدیلی اور کریڈٹ کی بات ہے، میڈیا کی تنقید کو ہمیشہ کھلے دل سے تسلیم کیا ہے اور اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس کو میں بہت اہمیت دیتا ہوں، حکومت کی شب وروز محنت کے باعث معاشی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے اور دوست ممالک سرمایہ کاری اور معاشی صورتحال کو سپورٹ دینے کے لئے تیار ہیں، چین نے 7برس کے لئے 32ارب ڈالر کے تاریخی سرمایہ کاری پیکیج کی پیشکش کی ہے بلاشبہ چینی سرمایہ کاری پیکیج پاک چین دوستی کا عظیم تحفہ ہے ،اب اس تاریخی سرمایہ کاری پیکیج سے استفادہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے او رانشاء الله ہماری حکومت محنت کے ساتھ سرمایہ کاری پیکیج سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

ا ن خیالات کا ا ظہار وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی کی قیادت میں ایگزیکٹو کمیٹی کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس نے جمعہ کے روز ان سے ملا قات کی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانامحمد ارشد، سیکرٹری اطلاعات، پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ شعیب بن عزیز اور ڈی جی پی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے اے پی این ایس اورپنجاب حکومت کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ا نتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مذاکرات کے ذریعے سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش کی ہے۔

حکومت نے ذمہ داری کے ساتھ ملک میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے مذاکرات کے عمل کو شروع کیا ہے اور دعا ہے کہ مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مخالف قوتیں ملک میں استحکام نہیں چاہتیں تاہم وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ آئین پاکستان کے ا ندر رہ کر بات ہو گی اور اس میں کسی قسم کی شک و شبہ کی گنجائش نہیں بنتی۔الله کرے مذاکرات جلد منطقی انجام تک پہنچیں ۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں تبدیلی کے لئے اصلاحات اور سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اس کے بغیر تبدیلی نہیں آسکتی اور اب ملک کی اشرافیہ کو موجودہ صورتحال کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے ۔پسے ہوئے طبقات پر بوجھ کم کرنا ہوگا ورنہ معاملات اسی طرح آگے نہیں بڑھیں گے ۔ موجودہ دور تبدیلی کا ہے،ہمیں ہر صورت تبدیلی لانا ہوگی ۔وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے اشرافیہ اور پسے ہوئے طبقات میں تفریق کو وسعت دی ہے لیکن اب وقت کا دھارا بدلے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ۔

انہوں نے کہاکہ جب بجلی کے نرخ بڑھائے گئے اور بجلی و گیس چوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تو سب سے زیادہ شور اشرافیہ نے مچایا ۔ اگر ہم نے عزت و احترام کے ساتھ اقوام عالم میں اپنا مقام پیدا کرنا ہے تو شاہ خرچیاں بند کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں۔

پانی کے نئے ذخائر کے حوالے سے حکومت کام کر رہی ہے - دیا میر بھاشا ڈیم پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ملک معاشی خود مختاری حاصل کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ،بھارت کے ساتھ اچھے ہمسائیوں جیسے تعلقات کے خواہاں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے نرسوں پر پولیس کے لاٹھی چارج کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیاہے اور نرسوں پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

نرسوں کے جائز مسائل افہام وتفہیم سے حل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے معاملات درست کرنے کے لئے صوبائی سطح پر پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے اور بہت جلد پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ اے پی این ایس کے ممبران نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب حکومت میں اشتہارات کی منصفانہ تقسیم ہو رہی ہے اور اشتہارات کرپشن فری کلچر کے تحت اخبارات کو دئیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اے پی این ایس کے ممبر اور سینئر صحافی فصیح اقبال کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا ور اجلاس میں مرحوم کی روح کے ا یصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔