Live Updates

ہم تبدیلی کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہیں،پرویزخٹک، تحریک انصاف طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا پہلے دن سے خواہاں ہے، صوبے میں امن قائم ہوگا توترقی آئے گی ہمیں اپنے مفادات عزیز ہیں دوسروں کے مفادات سے ہمیں کوئی سروکار نہیں،تقریب سے خطاب

جمعہ 14 مارچ 2014 21:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان کی پوری تاریخ گواہ ہے کہ کوئی جماعت بلند بانگ دعوے کرکے برسراقتدار آتی ہے مگر حکومت کے مزوں میں گم ہو کر عوام سے کئے تمام وعدے اور منشور تک بھول جاتی ہے مگر تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو عوامی مفاد کی فکر دن رات دامن گیر رہتی ہے ہم تبدیلی کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہیں جبکہ پارٹی سربراہ عمران خان ہم سے سو نہیں بلکہ ایک سو دس فیصد نتائج چاہتے ہیں اور مسلسل ہم سے رابطے میں رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے پی ٹی آئی کا ویژن اور سادہ نعرہ جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں مقام شکر ہے کہ آج وفاق اور صوبوں سمیت جملہ لیڈرشپ اس بات پر متفق و متحد ہوگئے ہیں ہم اس سلسلے میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اب ہم سب ان کے ساتھ ہیں اُنہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا پہلے دن سے خواہاں ہے اس صوبے میں امن قائم ہوگا توترقی آئے گی ہمیں اپنے مفادات عزیز ہیں دوسروں کے مفادات سے ہمیں کوئی سروکار نہیں البتہ جو جنگ چاہتے ہیں انکی ذمہ داری کوئی نہیں لے سکتا وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں نوشہرہ پریس کلب کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان خان، وزیراعلیٰ کے مشیر میاں جمشیدالدین، پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمان، پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود، قائمقام سیکرٹری اطلاعات ناصر خان اور ڈائریکٹر انفارمیشن بہرہ مند خان بھی موجود تھے پریس کلب کے نومنتخب صدر مشتاق پراچہ نے سپاسنامہ میں نظام کی تبدیلی، قیام امن اور پولیس فورس کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات پر پی ٹی آئی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا اور صحافیوں کو درپیش مسائل بیان کئے وزیر اعلی نے صحافیوں کے مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ میری حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں غریب عوام کے استحصال پر مبنی نظام کی تبدیلی، امن امان کا قیام اور عوام کو دہشت اور خوف و بے یقینی کی صورتحال سے نکال کر ترقی و خوشحالی کے سازگار ماحول کی فراہمی ہے اور ہم اس جانب کامیابی سے قدم آگے بڑھا رہے ہیں اسلئے میں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں شروع دن سے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے دورے کئے اور مولانا سمیع الحق سمیت دیگر جید علماء کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہم سجھتے ہیں کہ جنگ کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ امن وامان کیلئے مذاکرات لازمی ہیں ہمارے انتخابی منشور میں یہ بات شامل ہے کہ ہمیں پہلے اس ملک اور صوبے کے عوام کا مفاد عزیز ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے امن کی خاطر طالبان کے ساتھ بامقصد مذاکرات کی بات کی اور بیرونی قوتوں کے نام نہاد مفادات کی خاطر جنگ کی مخالفت کی اسی طرح ہم نے ڈرون حملوں کی بھی بھر پور مخالفت کی اوراس پر ایک واضح موقف اختیارکیا اب اگر وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کیسا تھ بامقصد مذاکرات کا عمل شروع کیا ہے تو ہم وفاقی حکومت کا بھر پو رساتھ دیں گے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم تبدیلی کے ایجنڈے پر کامیابی سے عمل پیرا ہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ سابقہ حکمرانوں نے محکموں اور اداروں میں جو گند جمع کیا اورقومی خزانے پر جو سفید ہاتھی پالے انہیں صاف کرنے اور سیدھا کرنے میں وقت لگے گا ہم باقاعدہ قانون سازی کے تحت ایسا نظام لا رہے ہیں جس میں کسی غریب اور بے آسرا شہری کو بھی اپنے کسی کام کیلئے کسی وزیر، مشیر، ایم پی اے یا افسر کے پاس نہ جانا پڑے بلکہ یہ کام خود بخود ہوں اور اگر وقت پر نہ ہوں تو متعلقہ افسر اس کے گھر آکر معافی مانگے اور وہ کام بھی کرکے دے اسی طرح ہر شہری کو اپنے حقوق کا علم ہو اور انہیں بھیک مانگ کر نہیں بلکہ حق کے طور پر سرکار سے حاصل کرے ہمارا پولیس نظام سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک ہو گیا ہے اور اب وہ کسی وزیر تو کیا خود میری سفارش بھی نہیں مان سکتے انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحت و تعلیم سمیت تمام محکموں کی کارکردگی شفاف بنانے کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے احیاء کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ہم نے وفاق سے کہ دیا ہے کہ ہمیں اپنی بجلی کے پیداوار کا مکمل اختیار دیں جس میں ہم جنریریشن، ڈسٹری بیوشن اور نرخ بھی مقرر کرسکیں اگر ہمیں مکمل اختیار دے دیا جائے تو ہم بجلی کی چوری، لائن لاسز اور نرخ سستے کرکے عوام پر اضافی بوجھ ختم کردیں گے ہم واپڈ ا سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے صنعت کاروں کو سستی بجلی مہیا کرکے نہ صرف بند کارخانے چالوکریں گے بلکہ نئی صنعتی بستیاں بھی قائم کریں گے ہم نے جنوبی اضلاع میں تیل و گیس پر اختیار کے علاوہ چار نئی صنعتی بستیاں قائم کرنے اور تمام صنعتی بستیوں کو حکومتی عملدرای سے نکال کر نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے ہم نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ چونکہ ہمارا صوبہ اپنی ضروت سے زیادہ بجلی پید ا کررہا ہے کسی کو حق نہیں کہ وہ یہاں لوڈ شیڈنگ کرے اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے کہ ہم اپنے وسائل خود استعمال کریں جو ہم سے اضافی ہوں وہ دوسرے بھائی استعمال کریں ہمارے صوبے میں انتہائی برے حالات ہیں بجلی و گیس نہیں مہنگائی بھی ہے ہم صورتحال پر کنٹرول کیلئے پوری سنجیدگی سے کوشاں ہیں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب اور سندھ کی طرح نہ تو جھوٹی تاریخ دی اور نہ بے اختیار بلدیاتی نظام بنا کر عوام سے فریب کیا بلکہ ایک بااختیار اور طاقتور بلدیاتی نظام بنایا اور اب انتخابات کیلئے بھی مکمل تیار ہیں ہمارا بلدیاتی نظام نہ صرف اندرون پاکستان بلکہ دنیا کا بہترین نظام ثابت ہو گا اور اسکی مثالیں دی جائیں گی وزیر اعلیٰ نے نوشہرہ پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ نوشہرہ کے صحافیوں نے ہمیشہ اپنے ضلع کے مسائل کو اجاگر کیا ہماری صوبائی حکومت صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے انہو ں نے کہاکہ ہم مثبت تنقیدکا خیرمقدم کرتے ہیں مگر تنقید کے علاوہ حکومت کی اچھی بات کا ذکر بھی ہونا چاہئے تاکہ اچھائی کی حوصلہ افزائی ہو وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اُن کا حلقہ نیابت ہونے کے سبب نوشہرہ کے صحافیوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے جہاں خرابی دیکھیں اس کی نشاندہی کریں وہ کسی غلط کام یا غلط آدمی کی سفارش یا پشت پناہی نہیں کریں گے تاہم صحافی منفی رپورٹنگ سے گریز کریں عوام باشعور ہیں منفی پروپیگنڈے اور مکاری کی سیاست و صحافت کو خوب سمجھتے ہیں اُنہوں نے نوشہرہ میڈیا کالونی کی ترقی، صحافیوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور دیگر تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات