پنجاب یوتھ فیسٹیول، جنک یارڈ وارز کا مقابلہ ضرار عمر اور پوسٹر میکنگ کامقابلہ رضوان نے جیت لیا ،بے کار چیزوں کو کارآمد بنانے کے مقابلے میں طاہر حسین نے دوسری اور عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی،نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے‘ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور

جمعہ 14 مارچ 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام جنک یارڈ وارز اور پوسٹر میکنگ کے مقابلے منعقد کئے گئے جن میں نوجوانوں نے بھرپورشرکت کرکے اپنے باصلاحیت ہونے کا ثبوت دیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے جمنیزیم ہال میں ہونے والے جنک یارڈ وارزمقابلے کے شرکاء نے اپنی مہارت سے بے کار چیزوں کو کارآمد بنا کر سب کو حیران کردیا۔

جنک یارڈ وارز ایونٹ میں 600 نوجوانوں نے حصہ لیا جنھوں نے کوڑا کرکٹ اکھٹا کرنے کے لئے ڈمپر ٹرک کے نمونے بناکر یوتھ کو بے کار چیزوں کو کارآمد بنانے اور صفائی کارجحان بڑھانے کے مختلف طریقے بتائے ۔ جنک یارڈ وارزمقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی کے ضرارعمر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ، زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے طاہر حسین نے دوسری اور یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یونیورسٹی آف لاہور نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلہ میں ہونے والا پوسٹر میکنگ مقابلہ جیت لیا۔پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلہ میں نوجونواں کو سگریٹ نوشی سے بچاؤ کے موضوع پر پوسٹر میکنگ کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ُُ"کونسپٹ یو ر نوشن" کے عنوان پر ہونے والے اس مقابلہ میں پنجاب بھر کی یونیورسٹیز کے طلباء نے حصہ لیا اور نوجوانوں کو سگریٹ نوشی سے بچنے کے لئے اپنے اپنے خیالات پر مبنی پوسٹر بنائے۔

پنجاب سٹیڈیم سپورٹس جمنیزیم میں ہونے والے اس پروگرام کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی اور شہزاد قریشی نے ججز کے فرائض سر انجام دیئے۔پوسٹر بنانے کے مقابلہ میں ابتدائی راونڈ کے بعد منتخب ہونے والے 50 طلبہ نے پوسٹر میکنگ کے فائنل مقابلے میں حصہ لیا۔جس میں یونیورسٹی آف لاہور کے رضوان احمد کو سب سے شاندار پوسٹر بنانے پر اول انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔

زرعی یونیورسٹی کے محمد حسنین دوسری جبکہ پی یو سی آئی ٹی کے ولید اشرف تیسری پوزیشن کے حقدار قرارپائے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انورکا کہنا تھا کہ سگریٹ نوشی انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہے پنجاب حکومت نے نوجوان نسل کو اس سے دور رکھنے کے لیئے صحت مندانہ سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں میں آنے والے نوجوان نہ صرف منفی سرگرمیوں سے بچتے ہیں بلکہ کئی بیماریوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور انہیں سگریٹ نوشی سے صحت کو ہونے والے نقصانات سے آگاہی مل جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نوجوانوں کو سگریٹ نوشی اور دوسری بری عادتوں سے بچاتے ہوئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں مشغول کر رہے ہیں۔ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انورکہنا تھا کہ ہم نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے نام سے ایک مثبت پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کاوشیں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :