کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بڑا کردار ہے،شہرام خان ترکئی

جمعہ 14 مارچ 2014 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و زراعت شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بڑا کردار ہے اور اس کو اپنائے بغیر موجودہ چیلنجوں کا سامنا نہیں کیا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے منصوبوں سے متعلق پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی میاں سعد الدین ،ڈائریکٹر آئی ٹی بلال جبار،ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالباسط اور دوسرے متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔ اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی و کامرانی پر غور و خوض کیا گیا اور اس موقع پر صوبائی وزیر کو مختلف میگا پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

شہرام خان تراکئی نے بریفنگ میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ملک و قوم ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے اور ترقیافتہ ملکوں کی ترقی کی اہم وجہ ٹیکنالوجی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی صوبائی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے جن کی مدد سے عوام کو کافی سہولتیں فراہم ہوں گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر سے نجی کمپنیوں کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی اور صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں اور عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں تجاویز اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :