نئے چیف سلیکٹر راشد لطیف 7اپریل کوعہدے کا چارج سنبھالیں گے

جمعہ 14 مارچ 2014 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مارچ 2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری تک پاکستانی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیاہے نئے سلیکٹر ز سے رائے لے کر یہ فہرست تین ماہ کی تاخیر سے جاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نئے چیف سلیکٹر راشد لطیف 7اپریل کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے اگلے دن اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے جبکہ راشد لطیف کی مشاورت سے پی سی بی دیگر سلیکٹرز کا اعلان کریگا۔

ذرائع کے مطابق اظہر خان کی سربراہی میں سابقہ سلیکشن کمیٹی نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے فہرست پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کردی تھی تاہم پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا خیال ہے کہ راشد لطیف اور ان کے ساتھی چوں کہ ورلڈ کپ کی پلاننگ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس لئے ان کی مشاورت سے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست کو حتمی شکل دینی چاہیے۔ اس لئے فی الحال یہ فہرست تاخیر کا شکار ہوگئی اظہر خان کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے 22 کرکٹرز کے نام پی سی بی کو بھجوادیے تھے۔

فواد عالم، صہیب مقصود، ذوالفقار بابر، بلاول بھٹی، شرجیل خان، خرم منظور، انور علی، سرفراز احمد کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنے کا امکان ہے، سابق کپتان شعیب ملک اور اوپننگ بیٹسمین ناصرجمشید کا بی کیٹیگری میں جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے، سی کیٹیگری سے عمران فرحت، فیصل اقبال، توفیق عمر اور اعزاز چیمہ کو فارغ کیا جاسکتا ہے۔