18ویں ترمیم کے اختیارات کسی صورت ضائع ہونے نہیں دیں گے،وزیر اعلیٰ بلوچستان، آئل اور گیس کے شعبے میں لائسنس کی الاٹمنٹ اور معاہدوں سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

جمعرات 13 مارچ 2014 22:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) طویل جدوجہد اور سخت محنت کے بعد 18ویں ترمیم میں صوبوں کو جو اختیارات حاصل ہوئے ہیں انہیں کسی صورت ضائع ہونے نہیں دیں گے، اس عزم کا اظہار وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعرات کے روز آئین کی شق 172-3پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد تیل اور گیس کے شعبے میں ملکیت ، منافع اور تنظیمی امور میں صوبے برابر کے حصہ دار ہیں، انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعہ صوبے کو جو حقوق حاصل ہوئے ہیں ان کا بھرپور دفاع کریں گے اور اپنے وسائل پر عملداری قائم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ آئل اور گیس کے شعبے میں لائسنس کی الاٹمنٹ اور معاہدوں سے متعلق تفصیلات انہیں فراہم کی جائیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کوئی ایکسپلوریشن صوبائی حکومت کی مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتی، انہوں نے آئین کی شق 172-3کے حوالے سے سیمیناروں ، مباحثوں اور میڈیا کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ اسکی روح کے عین مطابق اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے، اجلاس میں حکومت بلوچستان کے اقتصادی معاون ڈاکٹر قیصر بنگالی ، چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔