” پنجاب اپیرل پارک کا نام تبدیل کر کے قائد اعظم اپیرل پارک پنجاب رکھنے کی منظوری“، قائد اعظم اپیرل پارک پنجاب کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،دن رات کام کر کے جلد مکمل کرینگے:شہبازشریف،یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعدپاکستانی مصنوعات بالخصوص ٹیکسٹائل برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا،جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ افرادکو یورپی معیار کے مطابق تربیت دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ، نوجوانوں کو اپنے پاوٴں پر کھڑاکرنے کیلئے انہیں مختلف پروگراموں کے تحت فنی تربیت فراہم کی جارہی ہے ، اجلاس سے خطاب

جمعرات 13 مارچ 2014 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعدپاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگئی ہے اوربالخصوص پاکستان کی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اس تناظر میں پنجاب حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے جس کے تحت جدید اپیرل پارک قائم کیا جارہا ہے جہاں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہارآج یہاں ٹیکسٹائل کے شعبے کے فروغ اور اپیرل پارک کے قیام کے منصوبے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر صنعت چودھری محمد شفیق ،مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،چےئرمین سرمایہ کاری بورڈ، اپیرل پارک کے بورڈ آف مینجمنٹ کے ارکان اوردیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دورا ن پنجاب اپیرل پارک کا نام تبدیل کرکے قائد اعظم اپیرل پارک پنجاب رکھنے کی منظوری بھی دی-وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کے فروغ کیلئے وسیع قطعہ اراضی پرجدید اپیرل پارک بنارہی ہے۔پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے تناظر میں اپیرل پارک کے قیام کامنصوبہ نہایت اہمیت کاحامل ہے۔

ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے اپیرل پارک پر دن رات کام کر کے اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے ٹیکسٹائل کے شعبے کی مزید ترقی اور برآمدات میں اضافے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ یورپی یونین کی فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا تاکہ نہ صرف ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہو بلکہ پاکستان میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی حکومت اور قیادت نے پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 32ارب ڈالر کی عظیم الشان سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج سے استفادہ کے لئے بھرپور محنت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائیگا۔ چینی پیکیج کے تحت انفراسٹرکچر ، توانائی ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر منصوبے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے معروف شین ڈونگ رویائی گروپ نے اپیرل پارک کے قیام اورٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے تعاون اوراپیرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل تعاون کی فراہمی کے ساتھ یہاں119ملین ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ رویائی گروپ کی طرف سے سرمایہ کاری کی پیشکش خوش آئندہے اور ہم چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا وفد جلد چین جاکر شین ڈونگ رویائی گروپ کے انڈسٹریل زونز کا دورہ کرے گا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتو ں کا جائزہ لے گا-انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے کاٹن پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے ۔کپاس کی پیداوار کو بروئے کار لا کرٹیکسٹائل انڈسٹری اور گارمنٹس کی برآمدات کو زبردست فروغ دیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نوجوانوں کو اپنے پاوٴں پر کھڑاکرنے کیلئے پرعزم ہے اورانہیں مختلف حکومتی پروگراموں کے تحت نہ صرف فنی تربیت فراہم کی جارہی ہے بلکہ آسان شرائط پر کاروباری قرضے فراہم کر کے انہیں اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے قابل بنایا جارہا ہے ۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ افرادکو یورپی معیار کے مطابق تربیت دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ قائد اعظم اپیرل پارک پنجاب کے قیام کا منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے جس میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو گی-

متعلقہ عنوان :