رواں سال زیادہ بارشوں کا امکان ہے ،ڈینگی کنٹرول کے لئے ویکٹر کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے‘ خواجہ سلمان رفیق ،ڈینگی کی روک تھام میں کمیونٹی کا بنیادی کردار ہے ، ڈینگی سرویلنس کیلئے نوجوانوں پر مشتمل محلہ کمیٹیاں بنانے کی تجویز

جمعرات 13 مارچ 2014 19:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے ویکٹر سرویلنس اینڈ کنٹرول پر بھر پور توجہ دی جائے تاکہ ڈینگی لاروا کو تلف کر کے مچھر کی افزائش کو نا ممکن بنایا جا سکے،کہ رواں سال زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہذا ڈینگی کنٹرول کے اداروں کو زیادہ متحرک اور الرٹ رہنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز یہاں صوبہ میں ڈینگی کی صورتحال اور اس کے تدارک کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، کمشنر لاہور راشد محمود لنکڑیال، ڈی سی او لاہور ڈاکٹر جاوید قاضی ، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے چیئر مین اور وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایپڈیمک کنٹرول اینڈ ریسپانس ڈاکٹر جعفر الیاس ، چیئر مین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف ، ڈی جی پی آئی ٹی ی عامر چودہری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پروفیسر فیصل مسعود نے بتایا کہ کلینیکل مینجمنٹ کے حوالے سے ڈی ای اے جی نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں اور ضلعی ہسپتالوں کے علاوہ نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور نرسز کو تربیت فراہم کر دی ہے اور مزید سٹاف کو تربیت دینے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈی سی او صاحبان کو مذکورہ ماسٹر ٹرینرز سے ضلع کی سطح پر مزید سٹاف کی تربیت کے لئے اقدامات کرنا چاہیے ۔

پروفیسر فیصل مسعود نے کہا کہ اس وقت ڈینگی وائرس کی کئی اقسام سامنے آ چکی ہیں اور ڈینگی سے بچوں اور بڑوں کو بچانے کے لئے ضروری ہے کہ اس کے تدارک کے لئے کیمیکل اور مکینیکل دونوں طریقے برؤئے کار لائے جائیں ۔خواجہ سلمان رفیق نے تمام افسران کو ہدایت کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور ڈینگی سرویلنس اینڈ کنٹرول کے لئے تمام اقدامات برؤئے کار لائے جائیں ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے ماہرین کی تجاویز اور آراء کو اہمیت دی جائے گی او ران کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق رواں سال زیادہ بارشوں کا امکان ہے لہذا ڈینگی کنٹرول کے لئے اقدامات میں مصروف ادارے زیادہ متحرک اور الرٹ رہیں اور بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی ایمرجنسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ نے کہا کہ بہت سے ترقی یافتہ ممالک میں تمام تر اقدامات کے باوجود ڈینگی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات اور آگاہی کے لئے کمیونٹی کی بھر پور شرکت ناگزیر ہے جس کے لئے محلہ کمیٹیاں بنا کر گھر گھر سرویلنس کا کام بھی کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر پی آئی ٹی بی کے چیئر مین ڈاکٹر عمر سیف نے ڈینگی کنٹرول کی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے اور اس حوالے سے الرٹ جاری کرنے سے متعلق ان کے ادارے کی طرف سے تیار کردہ سسٹم کے بارے بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :