چولستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں‘ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات مکمل، چولستان کے علاقے کو پانی فراہم کرنیوالی پائپ لائنوں کی مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے کی رقم فراہم‘ میڈیکل کیمپ قائم،تمام محکموں نے کسی بھی صورتحال کے مقابلے کے لئے ماسٹر پلان تیار کر لئے ہیں‘منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی

جمعرات 13 مارچ 2014 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) چولستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں تاہم وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر یہاں کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ضلع بھر کے محکموں کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے چولستان کے علاقے کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائنوں کی مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے کی رقم فراہم کر دی گئی ہے۔

مزید برآں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،ضلعی حکومت اور ہوبارہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے چولستان کے علاقوں قلعہ دراوڑ اور قلعہ بجنوٹ میں میڈیکل ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ریٹائرڈ) اسد الله خان نے بھی اس علاقے کا تفصیلی دورہ کیا ہے جہاں پر لوگوں کے معمولات زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں۔

(جاری ہے)

چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب پیرزادہ نے بہاولپور میں اس حوالے سے بتایا کہ تمام سرکاری محکموں نے جامع منصوبہ بندی کے تحت ماسٹر پلان تیار کر لئے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال کا بر وقت مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ صحرائے چولستان کی صورتحال تھر پار کر سے بالکل مختلف ہے یہاں پر لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے 259کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ اس پائپ لائن کے ذریعے111/DNBسے نواں کوٹ تک 87کلو میٹر طویل جبکہ دوسری پائپ لائن108/DDسے کھارڑی تک 85کلو میٹر دور فاصلے تک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔اسی طرح کھارڑی سے طوفانہ تک 47کلو میٹر طویل جبکہ موناں والہ سے چوڑی تک 38کلو میٹر طویل پائپ لائن سے صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک محمد اصغر رامے نے بتایا کہ چولستان میں جانوروں کے علاج معالجہ اور ویکسینیشن کیلئے 11مختلف مقامات پر موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز قائم کر دی گئی ہیں اور علاقہ میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے ۔ ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد سرور نے بتایا کہ چولستان میں مریضوں کے معائنہ کے دوران کسی بھی مریض کے وبائی امراض میں مبتلا ہونے کی کوئی علامت نہیں ملی تاہم مریضوں کو موسمی بیماریوں کے علاج معالجہ کیلئے ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایک ٹیم 14/مارچ کو خصوصی طور پر چولستان کے علاقہ بجنوٹ کا دورہ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :