محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سو سے زائد مشینری کام کر رہی ہیں،عنایت اللہ خان، اسلام میں بھی محنتی اور مشقت کرنے والوں کا اونچا مقام ہے اور کسی کو اجازت نہیں کہ کسی غریب ملازم پر ہاتھ اٹھائے،صوبائی وزیربلدیات

جمعرات 13 مارچ 2014 18:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سو سے زائد مشینری کام کر رہی ہیں جبکہ صفائی و ستھرائی کو بہتر بنانے کیلئے مزید مشینری کی بھی منظوری دیدی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی باغ پشاور میں میونسپل کارپوریشن پشاور کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر رشید احمد خان، چیف آفیسرجاوید امجد، ضلعی صدر گل بادشاہ،کلرکس ایسوسی ایشن کے صدر اسلم خان، چیئر مین ملک نوید،جے آئی اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں اور بلدیہ کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ملازمین کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام میں بھی محنتی اور مشقت کرنے والوں کا اونچا مقام ہے اور کسی کو اجازت نہیں کہ کسی غریب ملازم پر ہاتھ اٹھائے یا اس کی بے عزتی کرے کیونکہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیکی اور فلاحی کاموں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں تاہم اگرکوئی سرکاری ملازم اپنے فرائض منصبی میں غفلت کے مرتکب ہوتے ہیں توانہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔عنایت اللہ خان نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو درست کرنے اور صفائی کو بہتر بنانے کیلئے نجی کمپنی کے خدمات حاصل کر رہے ہیں جس سے ملازمین کے استعداد کار میں بہتری آئے گی اوربد عنوانی کا راستہ بند ہوگا۔

صوبائی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کی کہ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہفتے کے اند ر اندر عملی اقدامات کریں۔انہوں نے ملازمین کو شجر کاری مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے پر زور دیا اور کہا کہ ہر ملازم کم از کم پانچ پودے لگائے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے شاہی باغ پشاور کے سبزہ زار میں زیتون کا پودا لگایا۔

متعلقہ عنوان :