سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کروانے کے حکم کا پیپلز پارٹی خیر مقدم کرتی ہے ‘ ثمینہ خالد گھرکی

جمعرات 13 مارچ 2014 16:59

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مارچ 2014ء ) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کروانے کے حکم کا پیپلز پارٹی خیر مقدم کرتی ہے اور پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں نہ صرف بھرپور طریقے سے حصہ لے گی بلکہ کامیابی بھی حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی اصل شکل ہے اس نظام کے تحت ہی عوام کو انکی دہلیز پر اپنے مسائل حل کرنے کا موقع ملتا ہے بلدیاتی انتخابات جتنی جلدی ہو جائیں جمہوریت کے لئے اتنا ہی اچھا ہو گا پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے اور الیکشن کے لئے ہر وقت تیار ہے ہم بلدیاتی الیکشن میں ہر سطح پر شرکت کریں گے اور کامیابی پیپلز پارٹی کی ہی ہو گی کیونکہ حکومت نے اپنی اب تک کی کارکردگی سے عوام کو مایوس کردیا ہے اور اپنے کسی بھی وعدے پر عمل نہیں کیا ہے حکومت کے مہنگائی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے وعدے صرف انتخابی وعدے ہی نکلے ہیں اور حکومت میں آنے کے بعدمسلم لیگ نے مہنگائی میں بے حد اضافہ کیا ہے جبکہ حکومت کی طرف سے لوڈشیڈنگ صرف 6گھنٹے کرنے کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن ٹھنڈے موسم میں بھی بجلی نایاب ہے اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ آنے والی گرمیوں میں عوام بجلی کو ترس جائیں گے ان حالات کے پیش نظر ہمیں یقین ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں جیت جیالوں کی ہی ہو گی ۔