(ن)لیگ کی حکومتی پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بتدریج بڑھ رہا ہے ، چودھری حامد حمید

جمعرات 13 مارچ 2014 16:59

سرگودھا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مارچ 2014ء) وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بتدریج بڑھ رہا ہے اور چین سمیت کئی ملکوں کی کمپنیوں نے پاکستان میں توانائی اور دیگر متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری میں آمادگی ظاہر کی ہے، ان خیالات کا اظہار وفاقی پالیمانی سیکرٹری امورکشمیر وگلگت، بلتستان چوہدری حامد حمید نے مختلف وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ توانائی بحران کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، محکمہ معدنیات اور چینی گروپ کے درمیان سالٹ رینج میں 135 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس لگانے کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے جس کے لیے مقامی کوئلہ استعمال کیا جائے گا، چینی گروپ رویائی کی توانائی، کان کنی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے، چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبہ کی ترقی کیلئے ایپرل پارک قائم کر رہی ہے، چینی گروپ کی جانب سے اپیرل پارک اور گارمنٹس زون کے قیام کے حوالے سے تعاون مستقبل میں ملکی ترقی کے حوالہ سے سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کہاکہ پنجاب میں کوئلے کے وسیع ذخائرموجودہیں اورحکومت ان ذخائر کو استعمال میں لانا چاہتی ہے، چینی گروپ کوئلے کی کان کنی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔