عوام اور اہل خیر حضرات کا فرض ہے وہ تھر کے مصیبت زدہ عوام کی امداد کیلئے آگے بڑھیں ‘ سید منور حسن ،متاثرین کو موت کے منہ سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے‘ امیر جماعت اسلامی

بدھ 12 مارچ 2014 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ عوام اور اہل خیر حضرات کا فرض ہے کہ وہ تھر کے مصیبت زدہ عوام کی امداد کیلئے آگے بڑھیں اور اپنے عطیات و نقد رقوم الخدمت فاؤنڈیشن کے پاس جمع کروائیں ، تھرمتاثرین کی خدمت میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضا کار مصروف کار ہیں ، ضلع تھرکی زیادہ متاثرہ تحصیلوں مٹھی،ڈیپلواور چھاچھرو کے دور دراز مقامات پر الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں قابل ستائش اور اطمینان بخش ہیں ،عوام تھر متاثرین کی امداد اوربحالی کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں ۔

متاثرین کیلئے خشک راشن ،صاف پانی اورادویات کی فراہمی اور انہیں موت کے منہ سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن سے ملاقات اور تھر میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ملاقات میں امیر جماعت سید منورحسن کو الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے تھر متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے حالات کی سنگینی کے پیش ِ نظر اور متاثرہ علاقے کے جائزے کے بعد تھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر مِٹھی میں بیس کیمپ قائم کر دیا۔

7 مارچ سے جاری ریلیف آپریشن میں اب تک 8 ٹرک امدادی سامان بھجوایا جا چکا ہے ۔ 8مارچ سے ہی پیما کے تعاون سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مٹھی کے سامنے مرکزی میڈیکل کیمپ کام کررہا ہے جس میں3 ڈاکٹرز اور5 پیرا میڈیکل سٹاف کی مدد سے اب تک2 ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔اِس کے علاوہ اسلام کوٹ، چھاچھڑو اور نگر پارکر میں بھی الخدمت کے تحت میڈیکل کیمپوں میں ا ب تک 1,500سے زائد مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جا چکی ہیں۔

الخدمت کی ایمبولینس گاڑیاں بھی ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں اور بیمار افراد کو ہسپتال لانے اور لے جانے کا بندوبست کر رہی ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے اب تک ریلیف آپریشن سے قریباََ 20 ہزار متاثرہ افراد نے استفادہ حاصل کیا ہے۔ متاثرین میں پکے پکائے کھانے کی فراہمی بھی جاری ہے،روزانہ 5 سو افراد کے لئے کھانا تیار کر کے دور دراز گو ٹھوں میں پہنچایا جارہا ہے۔