صوبائی حکومت کی اولین ترجیح صوبے سے کرپشن اور کمیشن خوری کے نظام کا خاتمہ ہے،سراج الحق،خیبر پختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کی غرض سے ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، سینئر صوبائی وزیر

بدھ 12 مارچ 2014 20:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے خزانہ سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح صوبے سے کرپشن اور کمیشن خوری کے نظام کا خاتمہ ہے اور خیبر پختونخوا کو ماڈل صوبہ بنانے کی غرض سے ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے کانفرنس روم میں سال2013-14ء کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات خالد پرویز اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلا سمیں سال2013-14ء کے اے ڈی پی میں مختلف سرکاری محکمہ جات کی طرف سے مجوزہ خارج کئے جانے والے منصوبوں پر بحث کی گئی اور ترقیاتی پروگرام سے مذکورہ منصوبوں کے اخراج کی وجوہات پر غورو خوض ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بعض منصوبوں کو نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے خارج جبکہ بعض جاری رکھنے کی سفارش کی گئی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال2013-14ء کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کل989ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں جن کا تخمینہ118.000بلین روپے ہے اور اس میں35.000بلین روپے کی بیرونی امداد بھی شامل ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیرسراج الحق نے کہا کہ ہمارا مقصد صوبے میں ترقیاتی کاموں کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام سرکاری محکمے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے کام تیز کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں خیبر پختونخوا کو دیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کرنا ہے اس لئے ہمیں نئے جذبے کے تحت کام کرنا ہوگا اور اپنی اپنی ذمہ داریوں کا پاس رکھتے ہوئے صوبے کے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :