کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں34ارب16کروڑ روپے سے زائد کی کمی، مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس193.81پوائنٹس کمی سے 27115.21پوائنٹس پر بند ہوا

بدھ 12 مارچ 2014 20:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں دو روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کواتار چڑھاوٴ کے بعدمندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 27300اور 27200کی نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں34ارب16کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت2.69فیصدزائد جبکہ58.39فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز اور مقامی سرمایہ کار گروپ آئل،فرٹٰیلائز ،ٹیلی کام اور انشورنس سیکٹر میں سرگرم نظر آئے جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 27427پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

تاہم فروخت کے دباوٴ ، پرافٹ ٹیکنگ اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں غذائی قلت اور قحط سالی کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ،جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر 27008پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم اسٹیٹ بینک کی جانب سے اگلے دو ماہ کے لیے ڈسکاوٴنٹ ریٹ میں کمی کی اطلاعات کے باعث ایک بار پھر سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے ،جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران ایک بار پھر 27100کی نفسیاتی حد عبور کرگیا ،تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس193.81پوائنٹس کمی سے 27115.21پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر387کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے148کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ226کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ13کے حصص میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں34ارب16کروڑ 1لاکھ 69ہزار977روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر65کھرب57ارب 9کروڑ56لاکھ 33ہزار98روپے ہوگئی ۔

بدھ کو کاروباری سرگرمیاں31کروڑ32لاکھ 98ہزار 940شیئرز رہیں جومنگل کے مقابلے میں82لاکھ 25 ہزار190شیئرز زائد ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت190.00روپے اضافے سے4187.50روپے، نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت40.00روپے اضافے8850.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی رفحان میظ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت99.00روپے کمی سے 7651.00روپے جبکہ باٹا پاک کے حصص کی قیمت98.49روپے کمی سے2901.50روپے پر بند ہوئی ۔

بدھ کو لافریج پاک کی سرگرمیاں4کروڑ52لاکھ 57ہزار500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 5پیسے اضافے سے 11.29روپے اوربائیکو پٹرولیم کی سرگرمیاں 1کروڑ67لاکھ 50ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 4پیسے اضافے سے12.09روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 174.12پوائنٹس کمی سے 19700.35پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس386.97پوائنٹس کمی سے45343.48جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس98.59پوائنٹس کمی 20180.04پوائنٹس پر بند ہوا ۔