لاپتہ جہاز کے راستہ بدلنے کی اطلاع تصدیق شدہ نہیں ، سربراہ ملائیشین فضائیہ

بدھ 12 مارچ 2014 14:54

لاپتہ جہاز کے راستہ بدلنے کی اطلاع تصدیق شدہ نہیں ، سربراہ ملائیشین ..

کوالالمپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء)ملائیشیا کی فضائنہ کے سربراہ رود ضالی داؤد نے اپنے حوالے سے جاری ہونے والے اس بیان کی تردید کی ہے کہ ملائیشیا ایئر لائن کا لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ اپنے متعین راستے سے ہٹ کر ملکا آبنائے کی جانب روانہ تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق رودضالی داوٴد نے کہا کہ مقامی میڈیا میں آنے والی اس حوالے سے اطلاعات درست نہیں ہیں تاہم اس بات کا امکان ضرور ہے کہ طیارے نے اپنا راستہ واپس کے لیے تبدیل کیا ہو۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کی فضائی فوج نے کہا تھا کہ ریڈار سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلا ہے کہ لاپتہ ہونے والے ملائیشیا ائیر لائن کے مسافر طیارے نے اپنے مقررہ راستے سے ہٹ کر مغرب کی جانب رخ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ مسافر بردار طیارے کا شہری ہوا بازی کے ادارے سے آخری رابطہ ملائیشیا اور ویتنام کے درمیان ہوا تھا تاہم فضائی فوج کے ذرائع نے بتایا تھا کہ ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ جہاز نے مڑنا شروع کر دیا تھا اور غالباً اس کا رخ جزیرہ نما مالے کی جانب تھا۔واضح رہے کہ یہ جہاز ملائیشیا سے پرواز بھرنے کے ایک گھنٹے بعد لاپتہ ہو گیا تھا اور چار روز سے جاری بین الملکی تلاش کے دوران سمندر میں کہیں بھی کوئی ملبہ نہیں ملا۔