آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ، باقاعدہ افتتاحی تقریب کے بجائے کنسرٹ ہوگا

بدھ 12 مارچ 2014 12:48

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ، باقاعدہ افتتاحی تقریب کے بجائے کنسرٹ ہوگا

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء) بنگلہ دیش نے ورلڈ ٹی 20 کے رنگارنگ آغاز کا پروگرام بنالیا، باقاعدہ افتتاحی تقریب کے بجائے کنسرٹ منعقد کیا جائے گا، بھارت سے اے آر رحمان کو خاص طور پر مدعو کیا جارہا ہے، میزبان شہروں کو بھرپور سجا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی دیگر اسپورٹس ایونٹس کی طرح رنگ و نور میں افتتاح کی روایت نہیں ہے،البتہ میزبان ملک بنگلہ دیش نے اس ایونٹ کو بھی رنگ و نور کا تڑکا لگانے کا بندوبست کرلیا۔

13 مارچ کو بنگہ بندھو اسٹیڈیم میں ایک شاندار کنسرٹ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اے آر رحمان، ایکون اور دیگر مقامی فنکار شریک ہوں گے، اس بارے میں بنگلہ دیشی بورڈ کے ڈائریکٹر محبوب انعام کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی کوئی باقاعدہ افتتاحی تقریب تونہیں ہوں گی مگر کنسرٹ منعقد کررہے ہیں جس پر 3 ملین ڈالر کا خرچ ہوگا، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پروگرام ایونٹ کو چار چاند لگا دے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے میزبان شہروں کو کافی سجایا ہے، اسٹیڈیم کو جانے والے راستوں پر کرکٹرز کی تصاویر اور میگا ایونٹ کے لوگو آویزاں ہیں، شیر بنگلہ اسٹیڈیم کے باہر ایک کائونٹ ڈائون کلاک موجود ہے۔

محبوب انعام کا کہنا ہے کہ ہم نے 2004 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2011 میں ورلڈ کپ کیلیے بھی اسٹیڈیم تیار کیے تھے،اس بار8 گرائونڈز تیار کیے جن پر 40 ملین ڈالر کی لاگت آئی ہے، اس میں حکومتی گرانٹ 20 سے 30 ملین ڈالر رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے سڑکوں کی کشادگی اور مرمت وغیرہ بھی کی گئی، رپورٹ کے مطابق اس ایونٹ پر حکومتی خزانے سے اب تک 60 سے 70 ملین ڈالر خرچ ہوچکے ہیں۔ ایشیا کپ کے دوران شائقین نے ٹکٹیں مہنگی ہونے کی شکایت کی تھی تاہم محبوب انعام کا کہنا ہے کہ یہ آئی سی سی کا ایونٹ اور اس کے کئی بڑے میچز کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں،کونسل اسٹیڈیم بھرے ہوئے دیکھنا چاہتی اس لیے وہ ٹکٹ کے نرخ کم رکھتی ہے، اس ایونٹ کا کم سے کم ٹکٹ 50 ٹکا اور زیادہ سے زیادہ 2 ہزار ٹکا ہے۔

متعلقہ عنوان :