شمالی وزیرستان،افغان نیشنل آرمی کی پاکستانی سرحد کی طرف بڑھنے کی اطلاعات ، غلام خان کے پورے سرحدی علاقے میں پاک فوج چوکس ،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے، سیکیورٹی ذرائع

منگل 11 مارچ 2014 22:23

شمالی وزیرستان،افغان نیشنل آرمی کی پاکستانی سرحد کی طرف بڑھنے کی اطلاعات ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں افغان نیشنل آرمی کی پاکستانی سرحد کی طرف بڑھنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ غلام خان سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں افغانستان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے ۔ منگل کو بانگی دار میں افغان نیشنل آرمی نے بلا اشتعال کارروائی کرتے ہوئے چار مزید مارٹر گولے فائر کئے جس سے فائر کئے گئے گولوں کی تعداد 88 ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان سے ملحقہ شمالی وزیر وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں افغان نیشنل آرمی کی جانب سے بلا اشتعال کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

منگل کو غلام خان کے سرحدی علاقے بانگی دار میں افغان سرزمین سے چار مزید مارٹر گولے فائر کئے گئے جس سے پچھلے چند روز کے دوران افغان فوجیوں کی جانب سے پاکستان سرزمین پر فائر کئے گئے مارٹر گولوں کی تعداد 88ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم سرحدی خلاف ورزی کے ان واقعات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ مارٹر گولوں کی فائرنگ سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے جبکہ بانگی دار کے تین سے زائد گھرانوں پر مشتمل آبادی نے شمالی وزیر ستان کے صدر مقام میران شاہ کی جانب نقل مکانی اختیارکرنے کی دھمکی دی ہے ۔ سیکیورٹی ذرائع نے افغان نیشنل آرمی کی پاکستانی سرزمین پر نقل و حمل کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلام خان کے پورے سرحدی علاقے میں پاک فوج چوکس ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :