تھرپارکر میں سندھ حکومت کی جانب سے جاری ریلیف کے کاموں میں مزید تیزی لائی گئی ہے،شرجیل انعام میمن ، ضلعی انتظامیہ کو تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور امدادی سامان کی فوری ترسیل کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں،وزیر اطلاعات سندھ

منگل 11 مارچ 2014 20:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں سندھ حکومت کی جانب سے جاری ریلیف کے کاموں میں مزید تیزی لائی گئی ہے اور کراچی و حیدرآباد سے مزید ماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں کو تھرپارکر کے مختلف ڈسٹرکٹ میں بھیجا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو تھرپارکر کے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور امدادی سامان کی فوری ترسیل کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ گندم کی ترسیل کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں بھی خصوصی مانٹرنگ سیل کا قیام کردیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے تھرپارکر کے تمام اضلاع میں قائم اسپتالوں اور امدادی کاموں کی وزیر اعلیٰ اور صوبائی کابینہ مانیٹرنگ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ریلیف کی فراہمی کی صورت میں تھرپارکر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قائم مانیٹرنگ سیل کے نمبرز بھی اخبارات میں شائع کروائے جارہے ہیں۔ وہ منگل کو اپنے دفتر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

صوبائی وزیر نے تھرپارکر میں جاری ریلیف کے کاموں کی تفصیلات سیکرٹری صحت، سیکرٹری ریلیف، سیکرٹری خوراک اور دیگر افسران سے طلب کی اور انہیں ہدایات کی کہ ریلیف کے کاموں میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کے تمام اضلاع میں موبائل ڈسپنسریوں کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدرآباد سے مزید ماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں کو، جس میں خواتین ڈاکٹرز بھی شامل ہیں تھرپارکر روانہ کردیا گیا ہے جبکہ ادویات کی ایک بڑی مقدار بھی انہیں فراہم کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت 42 کروڑ روپے کی مفت گندم کی ترسیل کے کام کو بھی تیز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں قائم کردہ مانیٹرنگ کمیٹی تمام اضلاع تک گندم کی جلد سے جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات و نشریات کی جانب سے اخبارات میں متعلقہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان کے فون نمبرز بھی شائع کروائے جارہے ہیں، جس سے اگر کسی بھی متاثرہ کو امداد نہ ملے تو وہ فوری طور پر ان سے رابطہ کرسکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تھرپارکر کے تمام متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی ضلعی افسران کو ہدایات کردی گئی ہیں جبکہ تمام اسپتالوں میں پہلے سے ہی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کے کاموں کی نگرانی کے لئے پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر تھرپارکر میں ہی موجود ہیں جبکہ کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بھی مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا ہے، جس کی نگرانی خود وزیر اعلیٰ اور دیگر صوبائی کابینہ کے ارکان 24 گھنٹے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تھرپارکر کے عوام کو اس مصیبت کی گھڑی میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی ان کے نام پر کسی کو سیاست چمکانے کی اجازت دیں گے۔

متعلقہ عنوان :