وزیراعلیٰ سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال،پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے‘ محمد شہباز شریف، پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں‘ وزیراعلیٰ، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، گریگ جیوکاس، وزیراعلیٰ کو کینیڈا کے دورے کی دعوت

منگل 11 مارچ 2014 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی سکیورٹی کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،ٹھوس معاشی اصلاحات کے باعث پاکستانی معیشت مضبوط ہو رہی ہے، پنجاب میں توانائی، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

دونوں ملکوں کے مابین تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ وہ منگل کے روز یہاں پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر گریگ جیوکاس سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کینیڈا کے ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت توانائی سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے اور وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔

معاشی اور سماجی شعبوں میں دو رس اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں بالخصوص پاکستان کے عوام کو بجلی کی کمی کے مسئلے سے نجات دلانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کیلئے مربوط روڈ میپ پر عمل پیرا ہیں۔ دوست ممالک کے تعاون سے روایتی اور متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے شرو ع کئے جا رہے ہیں۔ گوجرانوالہ کے قریب نندی پور پاور پراجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق دور میں اس اہم منصوبے کو طویل عرصے تک نظرانداز کیا گیا لیکن اب نندی پور پاور پراجیکٹ کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔

نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن دو ماہ میں کام شروع کر دے گی اور بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا جبکہ نندی پو رپاور پراجیکٹ رواں برس کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئلے، ہائیڈل، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے بھی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے جس کے باعث متعدد غیرملکی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔کینیڈین ہائی کمشنر گریگ جیوکاس نے اس موقع پر کہا کہ کینیڈا توانائی سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو کینیڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، سیکرٹری زراعت، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔