17 واں فیبا باسکٹ بال ورلڈ کپ 30 اگست سے شروع ہوگا

منگل 11 مارچ 2014 14:16

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مارچ 2014ء)17 واں فیبا باسکٹ بال ورلڈ کپ 30 اگست سے 14 ستمبر تک سپین میں کھیلا جائے گا۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (فیبا) کے مطابق میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 24 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی، جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان سپین، سربیا، فرانس، برازیل، مصر اور ایران، گروپ بی میں فلپائن، سینیگال، پورٹو ریکو، یونان اور کروشیا، گروپ سی میں ترکی، ڈومینیکن ریپبلک، امریکہ، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور یوکرین جبکہ گروپ ڈی میں لیتھوانیا، انگولا، کوریا، سلوانیا، میکسیکو اور آسٹریلیا شامل ہیں۔

ایونٹ کے ابتدائی روز 12 میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ اے میں ایران اور سپین، مصر اور سربیا، فرانس اور برازیل، گروپ بی میں کروشیا اور فلپائن، یونان اور سینیگال، پورٹو ریکو اور ارجنٹائن، گروپ سی میں یوکرین اور ڈومینیکن ریپبلک، نیوزی لینڈ اور ترکی، امریکہ اور فن لینڈ جبکہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا اور سلوانیا، میکسیکو اور لیتھوانیا جبکہ کوریا اور اینگولا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنلز 6 اور 7 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، کوارٹر فائنلز 9 اور 10، سیمی فائنلز 11 اور 12 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ عالمی چیمپئن کا فیصلہ 14 ستمبر کو فائنل میں ہو گا۔