تھرپارکر میں خوراک کی کمی کی وجہ سے بچوں کی اموات نہیں ہوئیں، وزیر اطلاعات شرجیل میمن

پیر 10 مارچ 2014 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ضلع تھرپارکر میں خوراک کی کمی کی وجہ سے بچوں کی اموات نہیں ہوئیں بلکہ تھر کے 80فیصد حصے میں شدید قحط سالی کے باعث اموات ہوئی ہیں اوربچوں کی اموات کے حوالے سے اعدادوشمار کو بڑھاچڑھا کر پیش کیا جارہاہے جبکہ اموات کی شرح اس علاقے میں معمول ہے اورپچھلے سال 196اور اس سال 49بچوں کی اموات ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دربارہال مٹھی میں وزیر اعظم پاکستان نوازشریف کی سربراہی میں تھر کی صورتحال کے متعلق جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت نے ضلع تھر پارکر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کیلئے 120آر او پلانٹس نصب کئے ہیں تاکہ لوگوں کو پانی سے متعلق پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچایا جاسکے۔