صوبے کو بدعنوانی،اقربا پروری،بد انتظامی اور بے انصافی جیسی سماجی برائیوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے،مشتاق غنی، کوئی قوم جدید تعلیم کے حصول اور پر امن ماحول کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتی،پشاورمیں کنونشن سے خطاب

پیر 10 مارچ 2014 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی مخلوط حکومت نے صوبے کو بدعنوانی،اقربا پروری،بد انتظامی اور بے انصافی جیسی سماجی برائیوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ کام مشکل نظر آ رہا ہے لیکن ناممکن ہر گزنہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت اور ملک و قوم کے نوجوانوں کی مدد سے ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے میں تحریک انصاف ضرور کامیاب ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایم سائنسز پشاور کے تیسرے کانوووکیشن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز ڈاکٹر محمد محسن خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کانوووکیشن میں وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی،بورڈ آف گورنرز،ادارے کے اساتذہ،طلباء اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ کوئی قوم جدید تعلیم کے حصول اور پر امن ماحول کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتی اس لئے ملک و قوم کے سیاسی عمائدین اور نوجوان نسل پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر شب و روز کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء اور نوجوانوں سے قوم و ملک کی امیدیں وابستہ ہیں اس لئے انہیں چاہیے کہ وہ آنے والے چیلنجز کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں اور قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تعلیم،صحت اور انصاف سب کیلئے تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت انصاف مہم‘ یکساں نصاب تعلیم اور مستحق طلباء کی اعلیٰ تعلیم کے لئے 500ملین روپے فنڈ کی منظوری اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اساتذہ کی اعلیٰ تعلیم اور پی ایچ ڈی کے150عدد سکالر شپس کی منظوری موجودہ حکومت کے ایسے اقدامات ہیں جن سے ملک و قوم کی مجموعی ترقی پر مثبت اور دیر پا اثرات مرتب ہوں گے۔قبل ازیں آئی ایم سائنسز پشاور کے ڈائریکٹر ڈ اکٹر محمد محسن خان نے کہا کہ بہت کم عرصہ میں اس ادارے نے تعلیم کے میدان میں جو ترقی کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ادارے سے فارغ طلباء زندگی کے مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا،ورلڈ بنک،یو ایس ایڈاورڈی ایف آئی ڈی کے تعاون سے ادارے نے حال ہی میں سنٹر برائے ہیومن ریسورسز،پبلک پالیسی اور انٹرپرائزز جیسے سنٹرز قائم کئے ہیں جو ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ان شعبوں کے قیام سے طلباء کو آنے والے چیلنجز کامقابلہ کرنے اور عوامی استطاعت کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :