Live Updates

عمران خان طالبان اور حکومت دونوں کے نمائندہ ہیں ،مذاکرات سویلین حکومت کا کام ہے ‘ اعتزاز احسن،اگر مذاکرات ناکام ہو گئے تو سارا الزام فوج پر آئے گا وہ آپریشن کرنا چاہتی ہے‘ مرکزی رہنما پیپلز پارٹی

پیر 10 مارچ 2014 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات سویلین حکومت کاکام ہے فوج کو اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے ،طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیپلز پارٹی کا موقف بڑا واضح ہے،عمران خان خود ہی بتا دیں کہ اور کتنے لوگ مروانے ہیں،وہ طالبان اور حکومت دونوں کے نمائندہ ہیں جو چاہیں وہی فیصلہ کر دیں۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہو گئے تو سارا الزام فوج پر آئے گا کہ وہ آپریشن کرنا چاہتی ہے، اس لئے طالبان سے مذاکرات سویلین حکومت کا کام ہے۔ وفاقی اور خیبر پختونخوا ہ حکومت طالبان سے مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتیں حکومت کو فیصلے کا اختیار دے چکی ہیں اور پیپلز پارٹی کا بھی اس حوالے سے بڑا واضح موقف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود ہی بتا دیں کہ اور کتنے لوگ مروانے ہیں، عمران خان طالبان اور حکومت دونوں کے نمائندہ ہیں، اب عمران جو چاہیں وہی فیصلہ کر دیں۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن کے حوالے سے اعتزاز احسن نے کہا کہ منور حسن فوجیوں کو شہید ہی نہیں مانتے، انہیں کوئی حق نہیں کہ وہ فوج کے کردار پر بات کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات