عوام کو بہترین ،معیاری اور با کفایت سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کا مشن ہے‘ محمد شہبازشریف ،صوبائی دارالحکومت میں مونوریل چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ،منصوبہ میٹروبس کے بعد سفری سہولیات میں خوبصورت اضافہ ہوگا،پنجاب حکومت کے دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح مونوریل کا منصوبہ بھی معیار، برق رفتاری اور شفافیت کی ا علیٰ مثال ہوگا ‘ وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 10 مارچ 2014 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین ،معیاری اور با کفایت سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں مونوریل چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، مونو ریل کا منصوبہ میٹرو بس منصوبے کے بعد سفری سہولیات میں ایک مزید خوبصورت اضافہ ہوگا۔

یہ بات انہوں نے سوموار کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں لاہور میں مونوریل چلانے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی سبطین فضل حلیم، ایم ڈی نیسپاک، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مونو ریل کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر ٹرانسپورٹ کی فراہمی ہمارا عزم ہے او راس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں مونوریل چلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ مونو ریل کا منصوبہ مکمل ہونے سے ہزاروں شہریوں کو تیز رفتار اور باکفایت سفری سہولتیں میسر آئیں گی اور وہ کم وقت میں باآسانی ایک جگہ سے دوسری جگہ آ جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کو کم سے کم عرصے میں مکمل کیا جائے گا اور پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے پر بھی شفاف طریقے اور تیزرفتاری سے عملدآمد کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کی طرح معیار، شفافیت اور برق رفتاری کے لحاظ سے اعلیٰ مثال ہوگا۔

متعلقہ عنوان :