سینیٹ نے فاٹا کو عسکریت پسند نیٹ ورکس سے صاف کرنے، متاثرین اور آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے قرارداد پربحث(کل)منگل تک کیلئے موخر کردی

پیر 10 مارچ 2014 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) سینیٹ نے فاٹا کو عسکریت پسند نیٹ ورکس سے صاف کرنے، متاثرین اور آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے قرارداد پربحث(کل)منگل تک کیلئے موخر کردی۔

(جاری ہے)

پیرکو اے این پی کے سینیٹرافراسیاب خٹک نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان حکومت پر زوردیتا ہے کہ فاٹا کو عسکریت پسند نیٹ ورکس سے صاف کرے عسکریت کے متاثرین کاازالہ کرنے، آئی ڈی پیز کو ریلیف یابحالی اور لوگوں کو معاشرتی اقتصادی ترقی کیلئے وسیع پروگرام کیلئے قابل عمل منصوبہ تیار کرے اوراسے منظر عام پر لایاجائے اس پر وزیرمملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہاکہ اس معاملے کو فی الحال موخر کردیا جائے کیونکہ متعلقہ وزیر موجود نہیں ہیں اجلاس کے صدر نشین کرنل(ر)طاہرحسین مشہدی نے کہا کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے جس پرقرارداد لائی گئی ہے کل متعلقہ قرارداد ایوان میں آئے گی تاکہ اس پربات کی جاسکے صدرنشین نے قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق کو ہدایت کی کہ وہ وزیرداخلہ کی منگل کو ایوان میں حاضری یقینی بنائیں جس پر راجہ ظفرالحق نے کہاکہ منگل کو اس معاملے پر بات کیلئے وزیرداخلہ آئیں گے جس پرقرارداد کو منگل تک ملتوی کردیاگیا سینیٹرافراسیاب خٹک نے کہا کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے وزیرداخلہ کو پتہ تھا کہ یہ قرارداد آنی ہے اب یہ اجلاس دو روز میں ملتوی ہوجائیگا پھرمارچ میں اجلاس نہیں ہوگا اس اہم معاملے پرمنگل کو ضرور بات کی جائے۔