وزیر اعلیٰ مذاکراتی عمل کو شروع کرنے کیلئے ”ناراض بلوچ رہنماوٴں“ سے رابطے میں ہیں ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی

پیر 10 مارچ 2014 14:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) صوبائی وزیرداخلہ میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبے کو درپیش مسائل کے حل کی خاطر مذاکراتی عمل کو شروع کرنے کیلئے ”ناراض بلوچ رہنماوٴں“ سے رابطے میں ہیں۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باغی بلوچ رہنماوٴں سے رابطہ کرنے اور مفاہمت کے لیے مذاکراتی عمل شروع کرنے کیلئے وفاقی حکومت اور بلوچستان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو اختیار دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے کچھ رہنماوٴں سے رابطہ بھی کیا تھا اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہے تھے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کی پیش رفت سے میڈیا کو مطلع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے وفاقی حکومت کے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعظم نواز شریف کی سیاسی حکمت عملی تھی کہ سخت تحفظات کے باوجود انہوں نے ملک میں جنگ کی سی صورتحال کے خاتمے کے لیے بات چیت کو ایک موقع دینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ بلوچ گروپس دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان کے ساتھ مذاکرات میں کوئی نقصان نہیں صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کو ایک موقع دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :