صورتحال اس قدر سنگین نہیں ہے، جیسا میڈیا میں پیش کی جارہی ہے ، خورشید شاہ

پیر 10 مارچ 2014 14:55

صورتحال اس قدر سنگین نہیں ہے، جیسا میڈیا میں پیش کی جارہی ہے ، خورشید ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) پیپلزپارٹی نے سندھ کے ضلع تھرپارکر میں قحط اور خشک سالی کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے حوالے سے میڈیا کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اس خطے کیلئے کوئی غیرمعمولی مسئلہ نہیں ۔ایک انٹروی میں قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ نے ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال اس قدر سنگین نہیں ہے، جیسا کہ میڈیا میں پیش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے متاثرہ علاقے کے لوگوں میں گندم اب تک تقسیم نہیں کی جاسکی ہے انہوں نے کہا کہ علاقے میں سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کے دو وزٹ کے بعد اب صورتحال کنٹرول میں ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کے ذخائر موجود تھے چونکہ محکمہ خوراک کی جانب سے اس مقصد کے لیے رقم جاری نہیں کی گئی تھی اس لیے اس کو تقسیم نہیں کیا جاسکا۔

(جاری ہے)

سید خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں 48 اموات کے بارے میں سرکاری طور پر مطلع کیا گیا تھا۔خورشید شاہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ہر سال رونما ہوتے ہیں اور یہ اس علاقے میں کوئی نئی بات نہیں اس بات کا امکان ہے کہ اس سال اموات کی تعداد پچھلے سالوں سے کچھ زیادہ ہو اب صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری غفلت کی وجہ سے ایک بھی موت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما فقیر محمد شاہ نے اپنے انتخابی حلقے میں بڑی تعداد میں اموات کی اطلاعات کو ایک معمول کا معاملہ قرار دیتے ہوئے پچھلے تین سالوں کے اعدادوشمار پیش کیے اور کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے 469 بچوں کی اب تک اموات ہوچکی ہیں، جن میں سے 140 ،2010ء 195 ،2011ء میں اور 2012ء کے دوران مختلف امراض اور اس علاقے میں طبّی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے 134 کی اموات ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ دو مہینوں کی قلیل مدت کے دوران 48 بچوں کی اموات اس علاقے میں کوئی غیرمعمولی واقعہ نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسی کی بھی ہلاکت بھوک کی وجہ سے نہیں ہوئی اور زیادہ تر اموات امراض کے سبب ہوئی تھیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے پچھلے ہفتے جاری قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس مسئلے کو کیوں نہیں اٹھایا تھا تو رکن قومی اسمبلی فقیر محمد شاہ نے کہا کہ جب وہ اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے تو ان کے حلقہ انتخاب میں صورتحال کنٹرول میں تھی۔

میڈیا کی ان رپورٹوں کی جانب جب ان کی توجہ مبذول کروائی گئی کہ تھر پچھلے کئی ہفتوں سے قحط جیسی صورتحال کا سامنا کررہا تھا تو انہوں نے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایسی رپورٹیں نہیں دیکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :