وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری کا دورہ تھر، سیکیورٹی انتظامات نےعوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا

پیر 10 مارچ 2014 11:18

وزیراعظم اور بلاول بھٹو زرداری کا دورہ تھر، سیکیورٹی انتظامات نےعوام ..

مٹھی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10مارچ 2014ء) ایک جانب تھر کے باسی غربت، قحط اور ادویات کی قلت کے باعث اپنے جگر گوشوں کو موت کے منہ میں جاتے دیکھ رہے ہیں اور دوسری جانب اعلیٰ ترین سیاسی شخصیات کی آمد پر کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات نے ان کی زندگی کو مزید دو بھر کردیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری امدادی کارروائیوں کی صورتحال کے جائزے کے لئے مٹھی پہنچ رہے ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ بیماریوں اور قحط پر پابندی اور غذائی قلت جiسے ٹارگٹ کلر کو قید کرانے نہیں آرہے بلکہ اہلیان تھر کی مجبوریوں کا تماشا دیکھنے پہنچ رہے ہیں۔

اعلیٰ ترین سیاسی شخصیات کی آمد کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مٹھی میں گلیوں اور بازاروں کی صفائی ستھرائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری شہر میں تعینات ہے، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے شہر بھر کے بازار، دکانیں اور ہوٹل تک بند کرادیئے گئے ہیں یہاں تک کے مریضوں اور ان کے ورثا کے لئے اسپتال کے دروازے تک بند کرادیئے گئے ہیں۔ میڈیا میں خبر نشر ہونے کے بعد وزیر اعظم نے سیکیورٹی انتظامات کے نام پر کئے جانے والے اقدامات کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مٹھی میں تمام اسپتال کھول د یئے جائیں اور مریضوں کو کسی صورت تکلیف نہیں پہنچنی چاہئیے۔